سیف سٹی جھنگ کا ورچوئل بلڈ بینک فعال، 5 ہزار سے زائد خون کے عطیہ دہندگان رجسٹرڈ، 700 ضرورت مند افراد کو ڈونرز فراہم
جھنگ: سیف سٹی جھنگ کا ورچوئل بلڈ بینک انسانی جانیں بچانے کے مشن میں سرگرم ہے، جہاں اب تک 5 ہزار 210 خون کے عطیہ دہندگان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ اس سہولت کے…

جھنگ: سیف سٹی جھنگ کا ورچوئل بلڈ بینک انسانی جانیں بچانے کے مشن میں سرگرم ہے، جہاں اب تک 5 ہزار 210 خون کے عطیہ دہندگان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ اس سہولت کے ذریعے 700 ضرورت مند افراد کو خون کے ڈونرز فراہم کیے جا چکے ہیں۔ سیف سٹی جھنگ کی معاونت سے 219 افراد کو خون کا عطیہ بھی دلوایا جا چکا ہے۔
سیف سٹی جھنگ کے ورچوئل بلڈ بینک کے ذریعے ضرورت مند مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی میں مدد فراہم کی جا رہی ہے، جس سے ہنگامی حالات میں انسانی جانیں بچانے کے لیے خون کے عطیہ دہندگان تک رسائی آسان ہوئی ہے۔
اسی سلسلے میں ٹریفک اسسٹنٹ عمر دراز کی جانب سے صرف 9 روزہ نومولود بچے کو خون کا عطیہ دینا انسانیت اور جذبۂ خدمت کی ایک قابلِ تحسین مثال ہے۔ ایسے اقدامات خون کے عطیے کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ دوسروں کو بھی اس نیک مقصد میں حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہیں۔
سیف سٹی جھنگ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضرورت مند مریضوں کی مدد اور قیمتی انسانی جانیں بچانے کے لیے خون کا عطیہ دیں اور ورچوئل بلڈ بینک میں بطور ڈونر اپنی رجسٹریشن کروائیں۔
ورچوئل بلڈ بینک سے رابطے اور خون کے عطیہ دہندگان سے متعلق معلومات کے لیے شہری ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 4 دبائیں، تاکہ ضرورت مند مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی میں مدد مل سکے۔


