سیف سٹی جھنگ، ضلعی پولیس اور سی سی ڈی کی مشترکہ کاوشوں سے جرائم میں نمایاں کمی، 400 سے زائد کیسز میں شواہد کی فراہمی
جھنگ: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تحت سیف سٹی جھنگ، ضلعی پولیس اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے باہمی اشتراک اور مربوط حکمتِ عملی کے نتیجے میں جرائم کی روک تھام، ملزمان کی گرفتاری…

جھنگ: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تحت سیف سٹی جھنگ، ضلعی پولیس اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے باہمی اشتراک اور مربوط حکمتِ عملی کے نتیجے میں جرائم کی روک تھام، ملزمان کی گرفتاری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، سیف سٹی کے زیرِ نگرانی علاقوں میں جرائم میں 95 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سیف سٹی جھنگ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روک تھام اور پولیس کی معاونت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ شہر کے اہم مقامات، شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر نصب جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جاتی ہے، جبکہ آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن (ANPR) اور فیشل ریکگنیشن (FR) سسٹمز جرائم سے متعلق شواہد کے حصول، مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی شناخت اور پولیس کی تفتیش میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔
سیف سٹی جھنگ کی جانب سے 400 سے زائد کیسز میں ضلعی پولیس کو اہم شواہد اور تکنیکی معاونت فراہم کی جا چکی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ویڈیو شواہد اور جدید نگرانی کے نظام کی مدد سے تفتیشی عمل کو مؤثر بنانے، جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کے ذریعے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی ہنگامی کالز پر متعلقہ پولیس کو بروقت اطلاع دینے اور فوری رسپانس کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سیف سٹی، ضلعی پولیس اور CCD کے درمیان رابطہ کاری جرائم کی روک تھام، مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی اور مؤثر کارروائیوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
جرائم میں مزید کمی کے لیے کرائم ڈیٹا کا تجزیہ، جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور جرائم کے زیادہ امکان والے اوقات میں پولیس پٹرولنگ کے لیے معاون معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد جرائم کی بروقت روک تھام، پولیس وسائل کے مؤثر استعمال اور شہریوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
سیف سٹی جھنگ شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی، مشتبہ سرگرمی یا جرم کی صورت میں فوری طور پر پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں اور جرائم کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
سیف سٹی جھنگ، ضلعی پولیس اور CCD شہریوں کے تحفظ اور جرائم سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے باہمی تعاون سے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں


