ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ ساجد حسین نے کہا ہے کہ صحافیوں کے ساتھ بہتر کوآرڈینیشن اور باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ عوام تک درست اور بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اور میڈیا معاشرے کے دو اہم ستون ہیں جو قانون کی بالادستی
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ ساجد حسین نے کہا ہے کہ صحافیوں کے ساتھ بہتر کوآرڈینیشن اور باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ عوام تک درست اور بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اور میڈیا معاشرے کے دو اہم ستون ہیں جو قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے ساتھ اپنی تعارفی میٹنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع جھنگ میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور اس پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی پی او ساجد حسین کا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں عوام جرائم کی شرح میں واضح کمی دیکھیں گے۔ پولیس فورس کو متحرک اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ گشت کے نظام کو مزید بہتر بنا کر جرائم کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تھانوں کی سطح پر عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی اور سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات کے ذریعے معاشرے میں امن، شفافیت اور اعتماد کی فضا کو فروغ دیا جائے گا۔
میٹنگ کے اختتام پر صحافیوں نے بھی پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا۔



















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *