چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس امر پر زور دیا ہے کہ پاکستان اپنے عوام کے خلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کو برداشت نہیں کرے گا۔ وہ راولپنڈی میں اہل تشیع برادری کے علمائے کرام سے گفتگو کر رہے تھے جہاں قومی
چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس امر پر زور دیا ہے کہ پاکستان اپنے عوام کے خلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کو برداشت نہیں کرے گا۔
وہ راولپنڈی میں اہل تشیع برادری کے علمائے کرام سے گفتگو کر رہے تھے جہاں قومی سلامتی کے امور اور سماجی ہم آہنگی میں علمائے کرام کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والے دہشتگردوں اور ان کے بنیادی ڈھانچے کو جہاں کہیں بھی ہو، خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشنز کے ذریعے ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان طالبان کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کو روکنا چاہیے۔
فیلڈ مارشل نے اتحاد، رواداری اور قومی ہم آہنگی کو فروغ دینے بالخصوص غلط معلومات، فرقہ وارانہ بیانیوں اور بیرونی سرپرستی میں عدم استحکام کی کوششوں کی روک تھام میں علمائے کرام کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔
انہوں نے علاقائی کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کی کوششوں اور فعال سفارت کاری کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر موجود علمائے کرام نے امن، استحکام کی خواہش کا اظہار کیا اور مذہب کے نام پر تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے ملک میں امن و استحکام کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔
اہل تشیع برادری کے علمائے کرام و مشائخ نے قومی یگانگت اور استحکام پاکستان کیلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے دوران کیا۔
علمائے کرام نے مذہب کے نام پر تشدد کی شدید مذمت کی اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کیلئے ریاستی اداروں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
علماء و مشائخ نے دفاع وطن کیلئے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے پاک افواج کے کردار کو سراہا۔
ملاقات کے اختتام پر انہوں نے قومی یکجہتی اور اتحاد کے حوالے سے خصوصی پیغامات بھی ریکارڈ کرائے۔
وحدت علمائے اسلام کے چیئرمین مولانا زاہد عباس کاظمی نے یقین دلایا کہ وہ ہر محاذ پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف افواج پاکستان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے۔ انہوں نے گلگتـ بلتستان میں فوجی املاک کو پہنچنے والے نقصان کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ان کا ایسے عناصر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، اس کیلئے ہم نے قربانیاں دی ہیں اور دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر قسم کی داخلی و خارجی سازشوں کے خلاف ثابت قدمی سے ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مولانا الطاف حسین نے کہا کہ افغانستان کی بلااشتعال جارحیت کا ہماری فوج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں، ہماری پہچان صرف پاکستان ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے۔
علامہ عارف واحدی نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا۔ پوری قوم افغانستان کی بلااشتعال جارحیت پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
نہوں نے کہا کہ ہمارے لئے پاکستان اور پاکستان کی سالمیت سب سے زیادہ مقدم ہے۔
علامہ مرزا علی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ریاست مخالف سرگرمی کا حصہ نہ بنیں اور ملکی استحکام کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
علامہ ناظر عباس نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہیں۔
علامہ توقیر عباس نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور اس کی سالمیت کیلئے ہم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مولانا بشارت امامی نے دفاع وطن کیلئے لازوال قربانیاں دینے والے شہداء اور ان کے لواحقین کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر علمائے کرام و مشائخ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سالمیت اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *