وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی، چوہدری سالک حسین سے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس مانیٹرنگ وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت یورپی یونین کے ڈائریکٹر جنرل سرجیو بلیبریا کر رہے تھے، جبکہ ان کے ہمراہ یورپی یونین کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی، چوہدری سالک حسین سے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس مانیٹرنگ وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفد کی قیادت یورپی یونین کے ڈائریکٹر جنرل سرجیو بلیبریا کر رہے تھے، جبکہ ان کے ہمراہ یورپی یونین کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران جی ایس پی پلس فریم ورک، مزدوروں کے حقوق، ماحولیات، گورننس، اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں پاکستان کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی، شفافیت اور عزم کے ساتھ نبھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری محض تجارتی نہیں بلکہ اصلاحات، اداروں کی مضبوطی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونا عالمی برادری کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ جی ایس پی پلس اسکیم پاکستان کی معیشت کے استحکام، برآمدات کے فروغ اور بالخصوص مزدور طبقے کی معاشی بہتری کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے کم از کم اجرت میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے کہ مزدوروں کو بروقت اور مکمل ادائیگی ممکن ہو۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، ورک پلیس سیفٹی، سماجی تحفظ، اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے جامع اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بین الاقوامی لیبر کنونشنز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔
یورپی یونین کے وفد نے پاکستان کی مجموعی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے مزدوروں کے حقوق، ماحولیات کے تحفظ اور گڈ گورننس کے شعبوں میں اصلاحات کا تسلسل نہایت ضروری ہے۔ وفد نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اس سمت میں اپنی اصلاحاتی کوششوں کو مزید موثر بنائے گا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور مستقبل میں روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذولفقار احمد بھی موجود تھے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *