پاکستان کسٹمز کے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس انفورسمنٹ (IPRE) نے مالی سال 2025-26 کے دوران دانشورانہ املاک کے حقوق کے تحفظ اور سرحدی انفورسمنٹ کو مزید مؤثر بنانے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے، جو ملک بھر میں جعلی اور نقل شدہ مصنوعات کی تجارت کے خلاف اس کے مسلسل عزم کا
پاکستان کسٹمز کے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس انفورسمنٹ (IPRE) نے مالی سال 2025-26 کے دوران دانشورانہ املاک کے حقوق کے تحفظ اور سرحدی انفورسمنٹ کو مزید مؤثر بنانے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے، جو ملک بھر میں جعلی اور نقل شدہ مصنوعات کی تجارت کے خلاف اس کے مسلسل عزم کا مظہر ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران دانشورانہ املاک کے حقوق (IPR) سے متعلق 201 ضبطگی اور ضبطِ مال (Forfeiture & Seizure) کے مقدمات درج کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ تعداد 162 تھی۔ اس طرح انفورسمنٹ کارروائیوں میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ضبط اور بحقِ سرکار ضبط کی جانے والی اشیاء کی مجموعی مالیت تقریباً 7.7 ارب روپے ہے، جن میں جعلی لگژری مصنوعات، ٹیکسٹائل، آٹو پارٹس، کاسمیٹکس، جوتے، کنزیومر ڈیریبلز اور ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی کرنے والی دیگر اشیاء شامل ہیں۔ یہ کامیاب کارروائیاں صارفین کے تحفظ، جائز کاروبار کے فروغ اور مؤثر سرحدی نگرانی کے ذریعے غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے پاکستان کسٹمز کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
انفورسمنٹ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹوریٹ جنرل آئی پی آر ای نے آگاہی کے فروغ اور متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ملک بھر میں 30 آگاہی سیشنز، ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد بھی کیا۔ ان پروگراموں میں کسٹمز افسران، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، درآمد کنندگان، برآمد کنندگان، تاجر برادری، کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس، رائٹس ہولڈرز اور دیگر متعلقہ فریقین نے شرکت کی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد دانشورانہ املاک کے حقوق، سرحدی انفورسمنٹ کے طریقہ کار اور جائز تجارت و سرمایہ کاری کے تحفظ کی اہمیت سے متعلق آگاہی میں اضافہ کرنا تھا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل، انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس انفورسمنٹ (کسٹمز)، جناب عبدالقادر میمن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کسٹمز استعداد کار میں مسلسل اضافہ، جدید رسک مینجمنٹ تکنیکوں کے استعمال، ٹیکنالوجی سے استفادہ اور قومی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے اپنی انفورسمنٹ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بناتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز جعلی اور نقل شدہ مصنوعات کی درآمد، برآمد اور ٹرانزٹ کی مؤثر روک تھام کے لیے سرحدی انفورسمنٹ کے اقدامات کو مزید مضبوط بناتا رہے گا تاکہ صارفین کا تحفظ، جائز کاروبار کی حوصلہ افزائی اور پاکستان میں منصفانہ اور مسابقتی تجارتی ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس انفورسمنٹ (IPRE) قومی قوانین اور بین الاقوامی بہترین روایات کے مطابق پاکستان کی سرحدوں پر دانشورانہ املاک کے حقوق کے مؤثر نفاذ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے، تاکہ ملک کی معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور جائز تجارت کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *