ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل ملازمت سے برخاست، غفلت پر انسپکٹر اور سب انسپکٹر کی ایک، ایک سال سروس ضبط، 9 افسران و اہلکاروں کو سنشور کی سزا،ڈی پی او کا کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر ایکشن
جھنگ: ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے محکمانہ احتساب کے عمل کو تیز کرتے ہوئے اردل روم میں پولیس افسران و اہلکاروں کے شوکاز نوٹسز کی سماعت کی، اس دوران کرپشن، اختیارات سے…

جھنگ: ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے محکمانہ احتساب کے عمل کو تیز کرتے ہوئے اردل روم میں پولیس افسران و اہلکاروں کے شوکاز نوٹسز کی سماعت کی، اس دوران کرپشن، اختیارات سے تجاوز، فرائض میں غفلت اور کارِ سرکار میں عدم دلچسپی پر مختلف محکمانہ سزائیں سنائی گئیں۔
ترجمان جھنگ پولیس کے مطابق کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کے الزامات پر ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل کو محکمہ پولیس سے برخاست کر دیا گیا، جبکہ کارِ سرکار میں عدم دلچسپی اور غفلت برتنے پر ایک انسپکٹر اور ایک سب انسپکٹر کی ایک، ایک سال سروس ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
اسی طرح فرائض میں عدم دلچسپی اور غفلت پر دو انسپکٹرز، دو سب انسپکٹرز، دو اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور تین کانسٹیبلز کو سنشور کی سزائیں دی گئیں۔
اس موقع پر ڈی پی او ساجد حسین نے کہا کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دیانت داری اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جبکہ بدعنوانی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کا سخت احتساب پولیس پالیسی کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمانہ نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر افسر و اہلکار اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کے حوالے سے جواب دہ ہے۔


