دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی فلڈ ریلیف کیمپ قائم
ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے علاقہ مکینوں کےلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔دریائے چناب سے…

ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے علاقہ مکینوں کےلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔دریائے چناب سے ملحقہ نشیبی علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے ضمن میں محکمہ ہیلتھ اور لائیو سٹاک کی طرف سے موبائل ڈسپنسریاں اور ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں جن میں متاثرین کو ضرورت کے تحت مفت علاج کی سہولت موجودہے ،میڈیکل کیمپس میں ماہر ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس سٹاف تعینات کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے فعال رہیگا۔ میڈیکل کیمپس میں اینٹی سنیک ، ریبیز اور ملیریا سمیت ضروری ادویات میسر ہیںجبکہ جانوروں کے لئے محکمہ لائیو سٹاک کی طرف سے لگائے گئے کیمپس پر ویکسی نیشن کی سہولت بھی میسر ہے۔ ضلعی انتظامیہ جھنگ کی جانب سے موضع جات میں 12 فلڈ ریلیف کیمپ قائم ہیں جہاں پر تعینات عملہ دو شفٹوں میں چوبیس گھنٹے موجودہے۔ سیلابی ایریا کی کنٹرول روم کے ذریعے مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔سیلاب متاثرین کے انخلاءاور آمدورفت کیلئے ٹریکٹر ٹرالیوں اور کشتیاں سیلابی ایریا میں موجودہیں۔ضلعی انتظامیہ کے افسران سیلاب متاثرین کی امدادی کارروائیوں کی نگرانی کےلئے ہمہ وقت فیلڈ میں موجودہیں۔اس حوالہ سے اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران رفیق نے فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں فلڈ ایریا میں موجود مختلف علاقوں سے پانی کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں بارے آگاہ کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر احمد پور سیال نے بھی فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر محمد عمیر کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر کا دریائے چناب کے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا۔انہوںنے کاشتکاروں سے ملاقات کی اور پانی سے فصلوں کے متاثر ہونے کا جائزہ لیا۔


