سمارٹ ویلج پراجیکٹ سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا ،شزہ فاطمہ خواجہ
انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کی وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سمارٹ ویلج پراجیکٹ باصلاحیت نوجوانوں کو آگے لانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ سیالکوٹ کے گاؤں روراس میں…

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کی وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سمارٹ ویلج پراجیکٹ باصلاحیت نوجوانوں کو آگے لانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
سیالکوٹ کے گاؤں روراس میں ایشیاء کے پہلے سمارٹ ویلج پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ آزمائشی منصوبہ حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمارٹ ویلج پراجیکٹ کا مقصد دیہی اورشہری علاقوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک کرنا ہے تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو اور وہ صحت و تعلیم سمیت روزمرہ کے امور باآسانی حل کرسکیں۔
انہوںنے کہا کہ ڈیجیٹل ویلج سنٹر میں ایک سو لڑکوں اور لڑکیوں کو کاروبار اور کمپیوٹر کا ہنر سکھانے کی تربیت دی جائے گی جس سے ان کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان ایشیاء بحرالکاہل کے ممالک میں پہلا ملک ہے جہاں ای ویلج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سمارٹ ویلج پراجیکٹ ملک کے دیگر شہروں میں بھی جلد شروع کئے جائیں گے۔


