سٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے،وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بازار حصص میں بتدریج اضافہ حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ 14 سال بعد بازار حصص…

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بازار حصص میں بتدریج اضافہ حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ 14 سال بعد بازار حصص میں تیزی سے اضافہ حکومت کی اقتصادی ٹیم کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے بازار حصص میں رواں سال مارچ سے 36 فیصد اضافے، مہنگائی کی شرح کو 38 فیصد سے کم کرکے 6 اعشاریہ 9 فیصد تک لانے اور مجموعی اقتصادی استحکام پر اقتصادی ٹیم کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے گزشتہ سہ ماہی میں وطن بھیجی گئی رقوم ریکارڈ 8 اعشاریہ 8 ارب تک پہنچ گئی ہیں جبکہ حسابات جاریہ مسلسل دو ماہ سے فاضل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پرنظر ثانی کی جارہی ہے تاکہ بجلی کے صارفین کو سہولت دی جاسکے۔
شہبازشریف نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی طرف سے 7 ارب ڈالر کی طویل مدتی سہولت سے معیشت مزید مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مثبت معاشی اشاریوں سے ان لوگوں کے خواب بکھر گئے ہیں جنہوں نے ملک کو نادہندہ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔


