وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت انسداد پولیو پر اہم جائزہ اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس ، اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے پولیو کے موزی مرض کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے پولیو کے خلاف جنگ میں انسداد
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت انسداد پولیو پر اہم جائزہ اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس ، اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے پولیو کے موزی مرض کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے پولیو کے خلاف جنگ میں انسداد پولیو ٹیم کی بھرپور کوششوں کی تعریف کی۔
اجلاس کو انسداد پولیو اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سال 2026 میں اب تک پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس ، ضلع سجاول سے رپورٹ ہوا ہے۔2024 میں پولیو کے 74 کیسز اور 2025 میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ پنجاب، صوبہ خیبر پختونخوا ، صوبہ بلوچستان ، اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے اس سال اب تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے 67 اضلاع پولیو سے متاثرہ تھے جن کی تعداد سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں کم ہو کر 23 رہ گئی ۔نیشنل ہاؤس ہولڈ کوریج تمام انسداد پولیو مہمات میں 98 فیصد رہی۔ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بہتر رسائی اور انسداد پولیو مہم کی وجہ سے پولیو قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ کوئٹہ بلاک میں پولیو وائرس کی مقامی پھیلاؤ میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ کراچی میں مارچ کے مہینے میں 12 میں سے 10 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا جو کہ ایک اچھی پیشرفت ہے۔
اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ستمبر 2025 سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ضلع بنوں میں پولیو سے زیادہ متاثرہ یونین کونسلوں کی تعداد 62 سے کم ہو کر 6 رہ گئی۔ مزید برآں وفاق اور صوبائی سطحوں پر ای پی آئی اور پی ای آئی کے انضمام کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے اقدامات کو انسداد پولیو سے جوڑنے اور مشروط کرنے کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر قومی صحت مصطفی کمال ، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *