وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آج پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال ہو گیا مگر بھارت اپنے مؤقف کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکا۔ پہلگام واقعہ کھوکھلے پن، بے منطقی، جھوٹی انا، تکبر اور حرص پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔ پہلگام فالس
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آج پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال ہو گیا مگر بھارت اپنے مؤقف کے حق میں شواہد پیش نہیں کر سکا۔
پہلگام واقعہ کھوکھلے پن، بے منطقی، جھوٹی انا، تکبر اور حرص پر مبنی سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔ پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر اٹھائے گئے سوالات کا بھارت آج تک تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔
وزیراطلاعات نے اپنی خصوصی گفتگو میں کہا کہ بھارت اپنے اندرونی معاملات کو بیرونی اور بیرونی معاملات کو اندرونی رنگ دے کر پیش کرتا رہا ہے، دہشت گردی بھارت کا اندرونی معاملہ ہے جسے وہ بیرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے بھارت داخلی معاملہ قرار دیتا ہے ۔ بھارت کی کھوکھلی سوچ اور مکاری کھل کے سامنے آ چکی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پہلگام واقعہ ایک پرانی ٹیکسٹ بک جیسا معاملہ تھا، فالس فلیگ آپریشنز بھارت کی تاریخ رہی ہے ۔ پہلگام واقعہ پر بھی بھارت نے بھونڈے طریقے اختیار کئے ۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تو بھارت اس سے خوفزدہ ہو گیا ۔ بھارت کے پاس اس کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں تھا۔ پاکستان کی نیت اور عزم واضح تھے ، پہلگام واقعہ کی انکوائری سے بھارت کا انکار اس امر کا ثبوت ہے کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا ۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے محض دس منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ اس کا متن پہلے سے تیار تھا۔ پہلگام واقعہ پیش آنے کے مقام اور پولیس سٹیشن کے درمیان فاصلے کے پیش نظر کم وقت میں ایف آئی آر کا اندراج غیر معمولی اور حیران کن ہے۔ بین الاقوامی میڈیا، بھارت کی سول سوسائٹی، سیاستدانوں اور تھنک ٹینکس نے بھی پہلگام واقعہ پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ فالس فلیگ آپریشنز اور جھوٹے واقعات کے گرد گھڑا گیا بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈا عالمی سطح پر قابل قبول بنانا انتہائی مشکل ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارتی حکومت آج تک اس معاملے پر مؤثر بیانیہ تشکیل دینے میں ناکام رہی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ پہلگام واقعہ ایک جھوٹا اور خود ساختہ آپریشن تھا جس کے حق میں بھارت نہ تو کوئی قابل اعتبار شواہد پیش کر سکا اور نہ ہی ٹھوس ثبوت فراہم کئے ۔ بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا ٹول کے طور پر جنگی ماحول پیدا کیا ، بھارتی میڈیا نے جھوٹی اور بے بنیاد خبریں نشر کیں۔ بھارتی میڈیا کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے پاس کوئی ٹھوس شواہد اور قابل اعتبار ثبوت نہیں تھے، وہ محض من گھڑت بیانیے کو فروغ دیتا رہا۔ بھارتی میڈیا اپنے پروپیگنڈے کو سپورٹ کرنے میں کوئی مؤثردلائل پیش نہیں کر سکا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ بھارت میں ہندوتوا نظریئے سے اقلیتوں کے حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کرتا ہے۔ بھارت عالمی سطح پر دہشت گردی جیسے واقعات میں ملوث رہا ہے۔ مختلف ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل کے حوالے سے شواہد اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بھارتی ریاست ان معاملات میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی پالیسی دہشت گردی پر مبنی ہے، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد بھارت کی دہشت گردی پر مبنی پالیسی واضح طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے۔ فتنہ الہندوستان ،بی ایل اے اور فتنہ الخوارج، ٹی ٹی پی جیسے عناصر کے ذریعے پاکستان میں بدامنی کو فروغ دے رہا ہے۔ پاکستان کے پاس دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں ۔ یہ شواہد وقتا فوقتا بین الاقوامی برادری اور عالمی میڈیا کے ساتھ بھی شیئر کئے جاتے رہے ہیں۔ جعفر ایکسپریس ٹرین واقعہ، خضدار واقعہ سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات میں بھارت کے کردار کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے، بھارت کو جس طرح معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں منہ کی کھانا پڑی، اسی طرح دہشت گردی کی پالیسی میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا پاکستان دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے اور عملی طور پر اقدامات بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ پوری قوم اس عزم پر متفق ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ضروری اقدام جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب کارروائیوں اور قربانیوں کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ بھارتی عسکری قیادت کے نئے آپریشن سندور کے بارے میں حالیہ بیانات دراصل ان کی ناکامی اور شکست کا اعتراف ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات واضح طور پر سمجھ لینی چاہئے کہ کسی بھی قسم کے مس ایڈوینچر کا فوری، مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا ہے۔ بھارت آج بھی اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔ پاکستان کی فتح کو پوری دنیا نے دیکھا ہے۔ پاکستان کو اپنی فتح پر فخر اور ناز ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ آج بھارت تنہائی کا شکار ہے۔ پوری دنیا میں پاکستان امن کی علامت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت بخشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت کے نتیجے میں آج پاکستان امن کیلئے کاوشیں کر رہا ہے۔
پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ملک کے دفاع کے لئے مکمل طور پر یکسو ہے۔ وطن عزیز کے دفاع کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اتحاد، یکجہتی اور قومی عزم کے ساتھ ایک روشن ستارہ بن کر اقوام عالم میں ابھرا ہے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کی ہمیشہ حفاظت فرمائے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *