چک نمبر 215 ج ب کے رہائشی تنویر نامی شخص کی انچارج پولیس چوکی سارنگ شہید پرمبینہ طور پر چادر چاردیواری پامال کرنے کے الزامات
جھنگ کے نواحی علاقہ چک نمبر 215 ج ب کے رہائشی تنویر نامی شخص نے کہا ہے کہ انچارج پولیس چوکی سارنگ شہید اے ایس آئی غلام۔شبیر حسنانہ نے دیگر پولیس اہلکاروں سمیت چادر…

جھنگ کے نواحی علاقہ چک نمبر 215 ج ب کے رہائشی تنویر نامی شخص نے کہا ہے کہ انچارج پولیس چوکی سارنگ شہید اے ایس آئی غلام۔شبیر حسنانہ نے دیگر پولیس اہلکاروں سمیت چادر اور چار دیواری کے تحفظ کو پامال کرتے ہوئے اور اپنی وردی اور اختیارات کا ناجائز استععمال کرتے ہوئے اس کے گھر میں گھس کر لاکھوں روپے کا گھریلو سامان توڑ دیا اور جاتے ہوئے چار تولے کے طلائی زیورات ،تین لاکھ روپے کی نقدی اور مال مویشی بھی ساتھ لے گئے۔ اور سابقہ رنجش کا بدلہ لینے کے لئے اس کے خلاف ڈکیتی کا جھوٹا مقدمہ بھی درج کر دیا۔ گزشتہ روز پریس کلب جھنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنویر نے کہا کہ مذکورہ تھانیدار غلام شبیر حسنانہ نے ڈیڑھ سال قبل انکی ایک رشتہ دار سے مبینہ تعلقات استوار کر رکھے تھے اور وہ اسے ملنے کے لئے علاقہ میں آیا تو گاؤں کے لوگوں نے اسے پکڑ لیا اور اسے آئندہ خاتون سے ملنے سے منع کیا اسی رنجش پر غلام شبیر نے ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا تھا جو بعد میں جھوٹا ہونے کی بناء پر خارج ہوا۔ تنویر نے بتایا کہ اب بھی غلام شبیر نے پُرانی رنجش کا بدلہ لینے کے لئے نہ صرف ان کے گھر گھس کر خواتین پر تشدد کیا بلکہ لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان توڑ پھوڑ کر ناکارہ کر دیا ۔ پولیس اہلکاران جاتے ہوئے اس کے گھر سے چار تولے کے طلائی زیورات، تین لاکھ روپے کی نقدی، مال مویشی اور ایک گھوڑی ساتھ لے گئے اور جا کر اس کے خلاف ڈکیتی کی جھوٹی ایف آئی آر درج کر دی۔ تنویر نے مطالبہ کیا کہ ڈی پی او مذکورہ تھانیدار کو فی الفور معطل کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں اور اس کے خلاف درج جھوٹا مقدمہ خارج کیا جائے


