چہلم امام حسین کے موقع پر جھنگ پولیس کی جانب سے مجالس اور جلوسوں کے لئے سیکورٹی پلان جاری
ضلع جھنگ میں چہلم امام حسین کے موقع پر 29 جلوس برآمد ہونگے جن میں 3 اے کیٹگری کے شامل ہیں جبکہ اے کیٹگری کی 3 مجالس سمیت ٹوٹل 48 مجالس انعقاد پزیر ہوں…

ضلع جھنگ میں چہلم امام حسین کے موقع پر 29 جلوس برآمد ہونگے جن میں 3 اے کیٹگری کے شامل ہیں جبکہ اے کیٹگری کی 3 مجالس سمیت ٹوٹل 48 مجالس انعقاد پزیر ہوں گی۔جنکی سکیورٹی کیلئے 1500 سے زائد پولیس افسران اور 700 سے زائد ولنٹیرز فرائض انجام دیں گے۔ڈی پی او جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلوس اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے دستیاب وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ سپروائزری افسران خود فیلڈ میں نکل کر سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کریں۔سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام راستوں، جلوسوں اور دیگر اہم و حساس مقامات کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مشتبہ افراد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے، تمام جلوسوں کو تھری لئیر سکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جلوسوں کی گزرگاہوں میں موجود تمام اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکاروں کے ساتھ ساتھ گن پوائنٹ اور پلگنگ پوائنٹس پر بھی اہلکار تعینات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو خصوصی کارڈز جاری کئے جائیں تاکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلے کو روکا جا سکے، اسی طرح شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت رکھنے کیساتھ ساتھ اندرون شہر میں بھی مختلف جگہوں پر ناکہ بندیاں کی جائیں، اندرون شہر میں ہوٹلوں اور مہمان سرائے کی وقتا فوقتا چیکنگ بھی سکیورٹی پلان کا حصہ قرار دیا جائے تاکہ شہر میں داخل ہونے والے تمام افراد کی کڑی نگرانی کو ممکن بنایا جا سکے، چہلم امام حسین کے دوران شہر کے تمام اہم اور حساس مساجد میں باوردی اور سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں۔ڈی پی او نے خصوصی طور پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جلوس منتظمین، ممبران امن کمیٹی و دیگر اداروں کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن قائم رکھا جائے۔


