بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے پینم اسپتال اور ہیمل فارماسیوٹیکل کے تعاون سے واک اور سیمینار کا انعقاد
پاکستان میں ہر سال 40 ہزار سے زیادہ خواتین بریسٹ کینسر کی وجہ سے جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔ اس خطرناک بیماری کے خلاف آگاہی پھیلانے کے لیے پینم اسپتال فیصل آباد میں…

پاکستان میں ہر سال 40 ہزار سے زیادہ خواتین بریسٹ کینسر کی وجہ سے جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔ اس خطرناک بیماری کے خلاف آگاہی پھیلانے کے لیے پینم اسپتال فیصل آباد میں ہیمل فارماسیوٹیکل کے تعاون سے بریسٹ کینسر آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
اس اہم تقریب میں اسپتال کے ڈاکٹرز، کینسر کے مریضوں اور ہیلتھ پروفیشنلز سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ واک کے دوران شرکاء نے پنک ربن لگائے اور اپنے ہاتھوں میں کینسر کے خلاف آگاہی پیدا کرنے والے پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے۔
واک کے اختتام پر سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء کو بریسٹ کینسر کی علامات، علاج اور اس سے بچاؤ کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ بریسٹ کینسر کا ابتدائی مرحلے میں پتہ لگانا اس مرض سے لڑنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ڈائریکٹر پینم اسپتال ڈاکٹر بابر عمران نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
“بریسٹ کینسر ایک خاموش قاتل ہے، اور پاکستان میں اس کا بڑھتا ہوا رجحان تشویشناک ہے۔ آگاہی اور بروقت تشخیص ہی اس بیماری سے بچاؤ اور مؤثر علاج کا ذریعہ ہے۔”
ڈائریکٹر سیلز ہیمل فارماسیوٹیکل ڈاکٹر عثمان امین بٹ نے مزید کہا:
“ہم اس جدوجہد میں پینم اسپتال کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمارا مقصد ہے کہ معاشرے میں بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے اور خواتین کو اس بیماری کے خلاف لڑنے کے لیے ضروری علم اور وسائل فراہم کیے جائیں۔”
واک اور سیمینار کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بریسٹ کینسر کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کی مہم کو مزید وسعت دیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس مرض سے محفوظ رکھا جا سکے


