جھنگ میں ٹرانسپورٹرز اور اڈا منیجرز کا اجلاس، بغیر PSV لائسنس ڈرائیورز کو گاڑیاں دینے پر پابندی، اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری کے خلاف سخت ہدایات
جھنگ: حکومتِ پنجاب اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر جھنگ مسعود احمد کی زیرِ صدارت ضلع بھر کے ٹرانسپورٹرز اور اڈا…

جھنگ: حکومتِ پنجاب اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر جھنگ مسعود احمد کی زیرِ صدارت ضلع بھر کے ٹرانسپورٹرز اور اڈا منیجرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پبلک سروس وہیکلز (PSV) کے ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین کا پابند بنانے، روڈ سیفٹی کے شعور کو فروغ دینے اور مسافروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ٹی او مسعود احمد نے ٹرانسپورٹرز اور اڈا منیجرز کو واضح ہدایت کی کہ کسی بھی ڈرائیور کو PSV ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے کی اجازت نہ دی جائے۔ ڈرائیورز کی باقاعدہ تربیت کا اہتمام کیا جائے اور انہیں مقررہ رفتار، ٹریفک قوانین اور لین لائن ڈسپلن کی پابندی کا پابند بنایا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ہر گاڑی کو سفر پر روانہ کرنے سے قبل اس کی مکینیکل فٹنس، بریک سسٹم، لائٹس اور انڈیکیٹرز کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے، جبکہ مسافروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری سے مکمل اجتناب کیا جائے۔
ڈی ٹی او جھنگ نے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال اور غفلت و لاپرواہی سے گریز کرنے کے ساتھ طویل روٹس پر ڈرائیورز کو مناسب آرام فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر ٹرانسپورٹرز اور اڈا منیجرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
ٹریفک پولیس جھنگ کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، ٹریفک حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے آگاہی اور قانونی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


