وزیراعظم نے اسلام آباد میں کشمیر انڈر پاس کا افتتاح کر دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد میں کشمیر انڈر پاس کا افتتاح کیا ہے۔ انہوں نے آج شام وفاقی دارالحکومت میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے…

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد میں کشمیر انڈر پاس کا افتتاح کیا ہے۔
انہوں نے آج شام وفاقی دارالحکومت میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صرف ستائیس روز میں منصوبہ مکمل کرنے پر وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پانچ سو میٹر طویل انڈر پاس کے ساتھ چار کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اردگرد کے علاقوں میں ہزاروں درخت بھی لگائے گئے ہیں، جبکہ منصوبے کے حصے کے طور پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے والی دو یادگاریں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک ارب پینتالیس کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور ٹھیکے کی منظوری کے عمل میں مکمل شفافیت برقرار رکھی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے اسلام آباد کو اس کے رہائشیوں اور یہاں آنے والے مہمانوں کے لیے سرسبز و شاداب اور بہتر شہر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دس سے بارہ روز کے دوران اسلام آباد میں تین سے چار بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کے سب سے بڑے سفاری پارک پر کام آئندہ سال جنوری میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جناح کنونشن سینٹر پر کام آئندہ پندرہ روز میں شروع کر دیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگِ بنیاد رکھنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو دعوت دی جائیگی۔
انہوں نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو میں ایک معروف ہوٹل چَین کا فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔


