وزیراعظم کا محصولات میں اضافے کیلئے ڈیٹا پر مبنی حکمت عملی پر زور
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم کاموں کو اس ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔آج (جمعرات) اسلام آباد میں ملک کی معاشی…

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم کاموں کو اس ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔آج (جمعرات) اسلام آباد میں ملک کی معاشی صورتحال اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ملک میں ٹیکسیشن کو مزید موثربنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے محصولات کے نفاذ اور اس حوالے سے بنائی گئی حکمت عملی پر عملدرآمد کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے محصولات میں اضافے کے لئے ڈیٹا پر مبنی حکمت عملی پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم کی کوششوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں جبکہFiscal Space کا بڑھنا بھی خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سمگل شدہ ایندھن کیخلاف سخت کریک ڈائون اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی وجہ سے ملک میں پٹرولیم کی فروخت نومبر کے دوران گزشتہ پچیس ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور ایک اعشاریہ پانچ آٹھ ملین ٹن ریکارڈ کی گئی جوکہ انتہائی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ پندرہ فیصد اضافہ ہوا جو توانائی کی مارکیٹ کی بحالی کی نشاندہی کرتا ہے۔وزیراعظم نے پٹرول کی سمگلنگ کیخلاف مزید سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔


