وطن عزیز اس وقت سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے،ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری ضیاء الرحمن گریوال نے کہا ہے وطن عزیز اس وقت نہ صرف سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے بلکہ نوجوانوں اور کاروباری طبقے میں…

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری ضیاء الرحمن گریوال نے کہا ہے وطن عزیز اس وقت نہ صرف سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے بلکہ نوجوانوں اور کاروباری طبقے میں مایوسی اور ہیجانی کیفیت جنم لے چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب جھنگ میں رکنیت سازی مہم کے سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی رہنما حکیم سیف اللہ ، اجمل خان، ضلعی سیکرٹری نشرواشاعت ملک شفقت اللہ ، کوآرڈینیٹر پی پی 127 حافظ یوسف سیال بھی موجود تھے۔ ضیاء الرحمن گریوال نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے مختلف دعوے کر کے اقتدار میں آئیں لیکن انہوں نے ملک کو زبوں حالی، معاشی اور سماجی تنزلی، عدم استحکام ، نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو داؤ پر لگانے ، مسئلہ کشمیر سے روگردانی، ملک کی 65 فیصد پر مشتمل نوجوان آبادی کو استعماری پروپیگنڈوں کے حوالے کرنے، ملکی اداروں کی حرمت پر وار کرنے اور اداروں کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو کشکول کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک میں موجود سیاسی خلا کو پُر کرنے کے لئے میدان عمل میں اتری ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہماری جماعت نے خدمت کے میدان میں عملی کام کر کے ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ اسی طرز پر انشاء اللہ ہماری جماعت سیاسی میدان میں بھی عملی طور پر حصہ لے کر ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان جھنگ ان کی جماعت کی رکنیت سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ملک و قوم کی خدمت اور عملی سیاست میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔


