پاکستانی حکام کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی،آئی ایم ایف
عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستانی حکام کے ساتھ تعمیری بات چیت کی ہے جس میں معاشی کمزوریوں میں کمی لانے اور مضبوط اور پائیدار ترقی کی بنیاد ڈالنے کیلئے انکی معاشی پالیسی اور اصلاحات…

عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستانی حکام کے ساتھ تعمیری بات چیت کی ہے جس میں معاشی کمزوریوں میں کمی لانے اور مضبوط اور پائیدار ترقی کی بنیاد ڈالنے کیلئے انکی معاشی پالیسی اور اصلاحات کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بات ناتھن پورٹر کی قیادت میں آئی ایم ایف مشن نے اپنے پاکستان کے دورے کے اختتام پر ایک بیان میں کہی۔
فریقین نے دانشمندانہ مالیاتی پالیسیوں کے تسلسل اور زیادہ تر سماجی اور ترقیاتی ذمہ داریاں صوبوں کو منتقل کرکے ٹیکس کے دائرہ کار کو بڑھا کر آمدن میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ توانائی کے شعبے کے استحکام اور اسے مزید موثر بنانے کیلئے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی اصلاحات اور تعمیری کوششیں ناگزیر ہیں۔
پروگرام پر موثر عملدرآمد سے تمام پاکستانیوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا اور پاکستان مزید مضبوط اور خوشحال بن سکتا ہے۔
ناتھن پورٹر نے کہا کہ 2024 کے پہلے ایکسٹینڈ فنڈ فیسلیٹی کی معاونت سے معاشی اصلاحات پر عملدرآمد کیلئے پاکستانی حکام کی جانب سے عزم کے اعادے سے مشن کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
پہلے ایکسٹینڈ فنڈ فیسلیٹی کے جائزے کے حوالے سے آئندہ مشن کی آمد آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔


