پاکستان کا جون تک پانڈا بانڈ جاری کرنے کا منصوبہ
اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان رواں سال جون تک پانڈا بانڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کا مقصد چین کی کیپٹل مارکیٹس میں ملک کی موجودگی…

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان رواں سال جون تک پانڈا بانڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کا مقصد چین کی کیپٹل مارکیٹس میں ملک کی موجودگی کو بڑھانا ہے۔
ہانگ کانگ کے ٹی وی بی نیوز چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ پانڈا بانڈ کے ذریعے پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے تقریباً 200 ملین امریکی ڈالر اکٹھا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے اس اقدام کو پاکستان کی معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ اس کا بنیادی مقصد ادائیگیوں کے توازن میں استحکام لانا ہے۔
وزیر خزانہ نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے دوسرے مرحلے کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرحلہ مزید چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گا۔
انہوں نے ہانگ کانگ کو پاکستان میں تجارتی اور مالیاتی مواقع تلاش کرنے کے لیے وفود بھیجنے کی دعوت بھی دی۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ہانگ کانگ ایک اسٹریٹجک مرکز کے طور پر کام کر سکتا ہے، جہاں چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبے (جوائنٹ وینچرز) تشکیل دیے جا سکتے ہیں، جو دونوں ممالک کے لیے اقتصادی فوائد کا باعث بنیں گے۔


