کابینہ نے لاپتہ افراد کے ورثا کیلئے امدادی پیکج کی منظوری دے دی
وفاقی کابینہ نے لاپتہ افراد کے ورثاء کو قانونی اور مالی مدد فراہم کرنے کی غرض سے ہر خاندان کے لئے پچاس لاکھ روپے کے امدادی پیکیج کی منظوری دی ہے۔ اس فیصلے کا…

وفاقی کابینہ نے لاپتہ افراد کے ورثاء کو قانونی اور مالی مدد فراہم کرنے کی غرض سے ہر خاندان کے لئے پچاس لاکھ روپے کے امدادی پیکیج کی منظوری دی ہے۔
اس فیصلے کا اعلان وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی کابینہ کی جانب سے کیے گئے فیصلوں کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلا م آباد میں ہوا۔
وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس پیکیج کا اعلان لاپتہ افراد کے معاملے پر گزشتہ کمیٹیوں کی جانب سے کی گئی سفارشات کی روشنی میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کمیٹیوں کی حتمی رپورٹ کا جائزہ لیا اور ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی تاکہ ایسے حقیقی لواحقین کے کیسز کا جائزہ لیا جائے جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کمیٹی کو امداد کے لئے اقدامات اور قانونی عمل کے بارے میں ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں نادرا کو ان کے بینک اکائونٹس اور وراثت پر مشتمل امور دیکھنے کے لئے ضروری ہدایات بھی شامل ہیں۔
وزیر قانون نے کہا کہ د و ہزار کیسز میں سے ایک ہزار ایسے کیسز پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے جو قانونی تقاضوں پر پورا اترتے ہوں اور جن کی نشاندہی کمیشن کی جانب سے کی گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان کیسز پر کاروائی پہلے آئیے پہلے پائیے اور پانچ سالہ مدت کی بنیاد پر کی جائے گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ عام طورپر خفیہ اداروں پرانگلیاں اٹھائی جاتی ہیں مگر حتمی رپورٹ میں مکمل وضاحت سے بتایا گیاہے کہ خفیہ اداروں نے بھی اس سلسلے میں مثبت تعاون کیاہے۔


