وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل غیر ملکی سرمایہ کاری فورم میں سات سو ملین ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے وعدے پاکستان کے نوجوانوں کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اسلام آباد میں جاری دو روزہ ڈیجیٹل غیر ملکی سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل غیر ملکی سرمایہ کاری فورم میں سات سو ملین ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کے وعدے پاکستان کے نوجوانوں کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
اسلام آباد میں جاری دو روزہ ڈیجیٹل غیر ملکی سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی سطح پر ایک نمایاں قوت بن کر ابھرے گا۔
انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت مکمل سہولیات فراہم کرے گی تاکہ آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں پاکستان اپنا باوقار مقام حاصل کر سکے۔
وزیرِاعظم نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں شاندار مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پُرجوش نوجوان ملک اور بیرونِ ملک شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں پاکستان کی ترسیلاتِ زر 4.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو ملکی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے ایک جامع پروگرام بھی ترتیب دیا ہے۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں آئی ٹی پارکس اور انکیوبیشن سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں اور نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت ہواوے کمپنی کے اشتراک سے ہر سال دو لاکھ نوجوانوں کو جدید مہارتوں کی تربیت فراہم کرے گی۔
وزیرِاعظم نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی زراعت، صنعت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی آگے آئیں۔
ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل، دیما الیحییٰ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ فورم اس بات کا اعلان ہے کہ پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں قیادت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار سے زائد سرمایہ کاروں، موجدوں اور پالیسی سازوں کی موجودگی پاکستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے فورم سے خطاب میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل ترقی کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قومی مصنوعی ذہانت پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں آئی ٹی برآمدات میں پچیس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وزیر آئی ٹی نے کہا کہ وزیرِاعظم کی ترقی پسند پالیسیوں کی بدولت پاکستان نقدی کے بغیر معیشت کی طرف بڑھ رہا ہے، جو لین دین کو آسان، شفاف اور تیز تر بنائے گی اور ایک جامع معیشت کی بنیاد رکھے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کی موبائل فون سازی کی صنعت میں پچھلے ایک سال میں اٹھتالیس فیصد اضافہ ہوا ہے، اور اب سالانہ اکتیس ملین سے زائد ڈیوائسز تیار کی جا رہی ہیں۔ متعدد سرکاری محکموں کو بھی مختصر وقت میں ڈیجیٹائز کیا گیا ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل حکمرانی اور ڈیجیٹل معاشرے کے قیام کے لیے پُرعزم ہے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *