(وحید اختر چوہدری سے)انجمن تاجران اتحاد گروپ کی مسلسل تیسری کامیابی کے بعد مخالف گروپ نے مبینہ طور پر آئندہ بازاروں کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ انجمن تاجران بازار کھیتیاں والا کے جنرل سیکرٹری محمد شاہد پردے والے نے کہا کہ اندرونی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مخالف گروپ
(وحید اختر چوہدری سے)انجمن تاجران اتحاد گروپ کی مسلسل تیسری کامیابی کے بعد مخالف گروپ نے مبینہ طور پر آئندہ بازاروں کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ انجمن تاجران بازار کھیتیاں والا کے جنرل سیکرٹری محمد شاہد پردے والے نے کہا کہ اندرونی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مخالف گروپ مختلف مارکیٹوں اور بازاروں کے صدور کے انتخابات سے دستبردار رہے گا۔
محمد شاہد نے کہا کہ پہلے کی طرح تمام انتخابات شفاف اور اوپن ہوں گے اور ہر دکاندار کو الیکشن میں حصہ لینے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ انارکلی بازار اور کھیتیاں والا بازار کی نئی کابینہ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا جبکہ ضلع بھر میں مرحلہ وار انتخابات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ تحصیل اور ضلع سطح پر بھی منتخب نمائندے سامنے آ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر جھنگ اور ڈی پی او جھنگ سے ہونے والی ملاقات انتہائی مثبت رہی، جس میں تاجروں کے خلاف کیے جانے والے مبینہ منفی پروپیگنڈے پر کھل کر گفتگو ہوئی۔ تاجران قیادت نے انتظامیہ کو یقین دلایا کہ انجمن تاجران کے انتخابات کو مذہبی یا سیاسی رنگ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ شہر کا امن برقرار رہے۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے تاجروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے تاجروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ اس موقع پر تاجروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ امن کمیٹی اور دیگر کمیٹیوں کے لیے اپنے نمائندوں کے نام بھی تجویز کریں تاکہ شہر کی ترقی اور امن کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکیں۔
بعد ازاں انجمن تاجران اتحاد گروپ کے وفد، جس میں کمانڈر صہیب فاروق، جمیل گجر، محمد شاہد، حاجی ذوالفقار، محسن خان لودھی، عبد القیوم، محمد فاروق، زاہد بشیر مہر، خلیل احمد سیال، سید عاشقین شاہ، حسن شیخ اور دیگر نمائندگان شامل تھے، نے انجمن تاجران جھنگ سٹی کی دعوت پر جھنگ سٹی کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
اس موقع پر انجمن تاجران اتحاد گروپ کے بانی حاجی اشتیاق اور حاجی ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ حاجی جمیل گجر کی بلا مقابلہ کامیابی تاجروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ضلع بھر میں مکمل جمہوری انداز سے انتخابات کروائے جائیں گے جبکہ شہر کا امن خراب کرنے اور غلط پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف وائٹ پیپر بھی جاری کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر صہیب فاروق، امتیاز موتی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ اب “سلیکشن” نہیں بلکہ “الیکشن” کا دور ہوگا اور تاجروں کے منتخب نمائندے ہی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مذاکرات کریں گے۔ رہنماؤں نے مہنگائی، نئے ٹیکسز اور پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے تاجروں اور عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر جھنگ سٹی تاجران گروپ نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاجروں کی فلاح و بہبود اور شہر کی ترقی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *