جھنگ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 111 پانی کے نمونے لیے گئے، 72 فیل ہونے پر 67 واٹر پلانٹس بند
جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے احکامات پر ضلع جھنگ میں غیر معیاری اور ناقص پانی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی…

جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے احکامات پر ضلع جھنگ میں غیر معیاری اور ناقص پانی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے گزشتہ دو ماہ کے دوران واٹر فلٹریشن پلانٹس سے پانی کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری ٹیسٹنگ کرائی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ضلع بھر سے مجموعی طور پر 111 پانی کے نمونے لیے گئے، جن میں سے 34 نمونے معیار کے مطابق جبکہ 72 نمونے فیل قرار پائے۔ پانی کے نمونے فیل ہونے پر مختلف واٹر پلانٹس کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اور 67 واٹر پلانٹس بند کر دیے گئے۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 2 مقدمات درج کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 73 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ کارروائی کے دوران 2 ہزار 85 لیٹر بیورجز، 94 کلو گرام کیمیکل، 327 خالی بوتلیں، لیبل اور مشینری بھی ضبط کی گئی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق لیبارٹری ٹیسٹنگ کے دوران فیل ہونے والے پانی کے نمونوں میں مختلف جراثیم کی موجودگی پائی گئی، جس کے بعد عوامی صحت کے تحفظ کے پیش نظر متعلقہ واٹر پلانٹس کے خلاف کارروائی کی گئی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے کہا کہ صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے اور غیر معیاری پانی کی فروخت کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے پانی کی مسلسل سیمپلنگ اور چیکنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صاف اور محفوظ پانی کے استعمال کو یقینی بنائیں جبکہ متعلقہ حکام کو بھی پانی کے معیار کی نگرانی اور خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


