جھنگ ڈیزرٹ ریلی 2026 کامیابی سے اختتام پذیر، صحرائے تھل کی خوبصورتی، ثقافت اور سیاحتی امکانات ملک بھر میں اجاگر
جھنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع جھنگ میں پہلی بار منعقد ہونے والی جھنگ ڈیزرٹ ریلی 2026 اور تین روزہ ثقافتی فیسٹیول گزشتہ شب کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر…

جھنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع جھنگ میں پہلی بار منعقد ہونے والی جھنگ ڈیزرٹ ریلی 2026 اور تین روزہ ثقافتی فیسٹیول گزشتہ شب کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین کی قیادت میں منعقد ہونے والے اس منفرد ایونٹ میں ملک بھر سے نامور ریسرز، خواتین ڈرائیورز، کھلاڑیوں، فنکاروں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی، جبکہ صحرائے تھل میں منعقدہ مختلف کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں نے شائقین کو محظوظ کرنے کے ساتھ جھنگ کی منفرد شناخت کو بھی اجاگر کیا۔
فیسٹیول کی اختتامی تقریب اور تقسیمِ انعامات ہیڈ تریموں پر منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر کھیل و یوتھ افیئرز پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور ذیشان ملک نے بھی مختلف سرگرمیوں میں شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ، ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب وسیم سیال، ڈی پی او جھنگ ساجد حسین، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، رکن صوبائی اسمبلی کرنل (ر) غضنفر عباس قریشی، رکن صوبائی اسمبلی عابدہ بشیر، سابق ارکان صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ، سلطان سکندر بھروانہ اور خالد غنی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات، انتظامی افسران اور ایونٹ کے پلاٹینم اسپانسر ڈاکٹر معظم وحید شیخ بھی موجود تھے۔
جھنگ ڈیزرٹ ریلی کے لیے تقریباً 90 کلومیٹر طویل ٹریک تیار کیا گیا، جہاں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے ریسرز نے اپنی مہارت، رفتار اور ڈرائیونگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقابلوں میں خواتین ڈرائیورز کی شرکت نے بھی خصوصی توجہ حاصل کی۔ ریلی کے مختلف مراحل اور کیٹیگریز میں ہونے والے مقابلوں نے شائقین کو دلچسپ اور سنسنی خیز لمحات فراہم کیے، جبکہ ایونٹ نے آف روڈ موٹر اسپورٹس کے فروغ کے لیے جھنگ میں ایک نئی سرگرمی کا آغاز کیا۔
تین روزہ ثقافتی فیسٹیول کے دوران جیپ ریلی کے علاوہ کبڈی، والی بال، نیزہ بازی، گھڑ سواری اور گھوڑوں کے رقص سمیت متعدد روایتی کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ پنجاب اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان والی بال مقابلے نے کھیلوں کے ذریعے باہمی ہم آہنگی اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی خوبصورت مثال پیش کی، جبکہ کبڈی کے مقابلوں میں کھلاڑیوں نے اپنی جسمانی قوت، مہارت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ لوک فنون اور دیگر تفریحی سرگرمیوں نے فیسٹیول کو مزید رنگا رنگ بنایا اور شہریوں کو اپنی ثقافت اور روایات سے قریب ہونے کا موقع فراہم کیا۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات کے دوران جیپ ریلی کی مختلف کیٹیگریز کے فاتحین، نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریسرز اور روایتی کھیلوں میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ کبڈی، والی بال اور گھوڑوں سے متعلق مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب کے مہمانانِ اعزاز نے ریلی اور ثقافتی فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا، جبکہ پلاٹینم اسپانسر ڈاکٹر معظم وحید شیخ کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
جھنگ ڈیزرٹ ریلی 2026 کا بنیادی مقصد ضلع کو سیاحتی نقشے پر نمایاں کرنا، صحرائے تھل کی قدرتی خوبصورتی کو ملکی سطح پر متعارف کروانا، مقامی ثقافت اور روایتی کھیلوں کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ اس ایونٹ نے جھنگ میں سیاحت، کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے نئے امکانات اجاگر کیے، جبکہ مقامی کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کے لیے بھی مواقع پیدا کرنے کی راہ ہموار کی۔
تین روزہ فیسٹیول کا کامیاب انعقاد ضلع جھنگ کے قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور میزبانی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں صحرائے تھل کو سیاحتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے مزید متعارف کروانے میں مدد مل سکتی ہے۔


