جھنگ پولیس میں محکمانہ احتساب، کرپشن پر اے ایس آئی اور کانسٹیبل برخاست، متعدد اہلکاروں کو سزائیں
جھنگ: ڈی پی او ساجد حسین نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ احتساب کا عمل تیز کرتے ہوئے اردل روم میں شوکاز نوٹسز کی سماعت کی اور مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں…

جھنگ: ڈی پی او ساجد حسین نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ احتساب کا عمل تیز کرتے ہوئے اردل روم میں شوکاز نوٹسز کی سماعت کی اور مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر سزا و جزا کی پالیسی کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان جھنگ پولیس کے مطابق کرپشن میں ملوث ہونے پر ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل کو محکمے سے برخاست کر دیا گیا، جبکہ ایس او پی کی خلاف ورزی پر ایک سب انسپکٹر اور غیر حاضری پر چار کانسٹیبلز کی سروس ضبط کرنے کی سزا دی گئی۔ اسی طرح فرائض کی انجام دہی میں عدم دلچسپی اور غفلت پر ایک ہیڈ کانسٹیبل کی تنخواہ میں تنزلی کی سزا سنائی گئی۔
محکمانہ کارروائی کے دوران 11 پولیس افسران اور اہلکاروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی، جبکہ 15 اہلکاروں کو سنشور کی سزا دی گئی۔ اس کے علاوہ 18 پولیس افسران کے شوکاز نوٹسز فائل کر دیے گئے۔
اس موقع پر ڈی پی او ساجد حسین نے کہا کہ پولیس فورس میں غفلت، لاپرواہی اور اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ محکمانہ نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ہر افسر و اہلکار اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کے حوالے سے جواب دہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پولیس فورس میں احتساب کا عمل جاری رہے گا اور فرائض میں کوتاہی یا بدعنوانی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


