سترہ ممالک کی ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت
پاکستان سمیت سترہ ممالک کے وزرائے خارجہ نے خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں پاکستان، مصر، سعودی عرب، ترکیہ،…

پاکستان سمیت سترہ ممالک کے وزرائے خارجہ نے خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایک مشترکہ بیان میں پاکستان، مصر، سعودی عرب، ترکیہ، اردن، قطر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، فلسطین، الجزائر، موریطانیہ، سوڈان، لیبیا، جبوتی، صومالیہ، لبنان اور عمان کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، جو طبی مراکز اور طبی عملے کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، ان ممالک نے فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی حملوں کے جاری سلسلے کی بھی مذمت کی ہے، جن میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے خیموں اور دیگر مقامات پر حملے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملے جنگ بندی اور غزہ میں سلامتی و استحکام کی بحالی کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع منصوبے سے مطابقت نہیں رکھتے۔


