اسلام آباد میں پاکستان طبی ریفارمرز کا قومی کنونشن جھنگ سے ظفر اقبال نول کی شرکت، طبِ یونانی کی بحالی کے لیے چھ بڑے منصوبوں کا اعلان
جھنگ: پاکستان طبی ریفارمرز ایسوسی ایشن (PTRA) کے زیر اہتمام اسلام آباد ہوٹل میں نیشنل طب ریویول اینڈ ریفارم کنونشن منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے سینکڑوں اطبا، طبی ماہرین،…

جھنگ: پاکستان طبی ریفارمرز ایسوسی ایشن (PTRA) کے زیر اہتمام اسلام آباد ہوٹل میں نیشنل طب ریویول اینڈ ریفارم کنونشن منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے سینکڑوں اطبا، طبی ماہرین، نیشنل کونسل فار طب کے سابق اراکین اور مختلف سرکاری و متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ کنونشن میں طبِ یونانی کو قومی صحت کے نظام میں شامل کرنے، طبیبوں کے حقوق کے تحفظ، قانونی و تعلیمی اصلاحات اور جدید تحقیقی منصوبوں کے آغاز کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
کنونشن سے مرکزی سرپرستِ اعلیٰ حکیم محمد آغا جی، مرکزی صدر طبیب محمد اظہر خان بلوچ، سابق مشیر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق، سرپرستِ اعلیٰ سندھ ذوالفقار علی شاہ، مرکزی جنرل سیکرٹری ظفر اقبال نول، صدر بلوچستان پروفیسر حکیم محمد یوسف قریشی، جنرل سیکرٹری پنجاب سید اسلم شاہ گیلانی اور جنرل سیکرٹری خیبر پختونخوا و سابق رکن نیشنل کونسل فار طب حکیم بشیر بھیروی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ طبِ یونانی کی ترقی اور فروغ کے لیے حکومتی سرپرستی، مؤثر قانون سازی، معیاری طبی تعلیم، جدید سائنسی تحقیق اور اطبا کے درمیان اتحاد ضروری ہے۔ حکیم محمد آغا جی نے طب، طبیب اور مطب کے تحفظ کے لیے الگ قومی طبی ایکٹ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نور محمد شاہ نے پاکستان طبی ریفارمرز ایسوسی ایشن کو نمائندہ کمیٹی تشکیل دے کر موجودہ قوانین اور ضوابط سے متعلق تحفظات اور تجاویز متعلقہ حکام تک پہنچانے کی تجویز دی، جبکہ فیض اللہ فراق نے اطبا کے مسائل حکومتی ایوانوں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ سید اسلم شاہ گیلانی نے قومی صحت کے بجٹ میں فی فرد پانچ روپے طب اور طبیبوں کی خدمات کے لیے مختص کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
کنونشن کے دوران چیئرمین پاکستان طبی ریفارمرز ایسوسی ایشن نے طبِ یونانی کی بحالی اور ترقی کے لیے چھ بڑے منصوبوں کا اعلان کیا۔ ان منصوبوں میں بڑے شہروں میں ابنِ سینا ماڈل ریسرچ مطب کا قیام، ڈریپ قوانین پر نظرثانی کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل، قومی صحت پالیسی میں طبِ یونانی کی شمولیت، یونانی ایمرجنسی و فرسٹ ایڈ کٹ کی تیاری، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں صوبائی کنونشنز کا انعقاد اور پی ٹی آر اے فیملی کارڈ ہولڈرز کو علمی، تحقیقی اور فلاحی منصوبوں میں متحرک کرنا شامل ہے۔
ابنِ سینا ماڈل ریسرچ مطب منصوبے کے تحت موجودہ مطبوں کو جدید علمی، تحقیقی، اخلاقی اور انتظامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) تیار کیے جائیں گے۔ اس منصوبے میں تربیتی ورکشاپس، سیمینارز، مستحق مریضوں کے لیے مفت طبی کیمپس، مریضوں کے فالو اَپ اور علاج کے نتائج کا ریکارڈ مرتب کرنے کے علاوہ ابنِ سینا میڈیکل بورڈ کی تشکیل بھی شامل ہے۔
چیئرمین نے اعلان کیا کہ ڈریپ قوانین اور ضوابط کا جائزہ لینے کے لیے قائم خصوصی کمیٹی دس روز میں اپنی سفارشات مرتب کرکے متعلقہ حکام کو پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ طبِ یونانی کی بحالی صرف مطالبات کرنے سے ممکن نہیں بلکہ اس مقصد کے لیے اطبا کو اپنی علمی صلاحیتوں، تجربے اور دستیاب وسائل کے مطابق عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔
کنونشن کے اختتام پر شرکاء نے طب، طبیب اور مطب کے تحفظ، وقار اور ترقی کے لیے ملک گیر سطح پر منظم جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر طبیب محمد اظہر خان بلوچ کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اور مرحومہ کی مغفرت و بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی گئی۔


