بی آئی ایس پی اورڈبلیو ایف پی کے درمیان دو سالہ معاہدے پر دستخط
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) اور اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) نے بینظیر نشوونما پروگرام کی توسیع کیلئے اپنی شراکت داری میں مزید دو سال کا اضافہ کیا ہے۔ اس حوالے سے…

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) اور اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) نے بینظیر نشوونما پروگرام کی توسیع کیلئے اپنی شراکت داری میں مزید دو سال کا اضافہ کیا ہے۔
اس حوالے سے آج(جمعرات کو) بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی موجودگی میں سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد اور ڈبلیو ایف پی کی کنٹری ڈائریکٹر اور نمائندہ کوکو اوشیاما نے معاہدے کی دستاویزات کا تبادلہ کیا ۔
یہ تعاون پاکستان میں غذائی قلت سے نمٹنے کی اہم ضرورت کو اجاگر کرتا ہے، جہاں پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً چالیس فیصد بچے ناقص غذائیت کی وجہ سے غذائی کمی کا شکار ہیں۔
اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے اس نئے معاہدے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے ملک میں غذائی قلت کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ “حکومت پاکستان کو اقوام متحدہ ڈبلیو ایف پی کے ساتھ اس اہم شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر فخر ہے۔
بینظیر نشوونما پروگرام کے ساتھ ہماری وابستگی غیر متزلزل ہے اور ہم اس کی رسائی اور تاثیر کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان میں ہر بچے کو زندگی میں ایک صحت مند آغاز کا موقع ملے جو کہ روشن اور زیادہ خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھتا ہے۔”


