پاکستان کی معیشتی ترقی کے لیے عالمی بینک کے تعاون کی یقین دہانی
اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور ترقیاتی اہداف حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ عزم وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد…

اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور ترقیاتی اہداف حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ عزم وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسین کی قیادت میں وفد کے درمیان وزارت خزانہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران ظاہر کیا گیا۔
ملاقات میں سیکرٹری خزانہ اور وزارت خزانہ کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے ساتھ تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے میں اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مالیاتی اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مالی نظم و ضبط، پائیدار ترقی، اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
مذاکرات میں شفاف اور مضبوط ٹیکس پالیسی کے قیام، محصولات میں اضافہ، ٹیکس کے اصولوں کی پاسداری، اور منصفانہ ٹیکس نظام کو یقینی بنانے پر توجہ دی گئی۔
عالمی بینک کی ٹیم نے بجٹ سازی کے عمل کو بہتر بنانے، شفافیت اور احتساب کے لیے جدید طریقہ کار اپنانے، مالیاتی نظام میں بہتری، اور قرضوں کے انتظام کے مؤثر طریقہ کار کی پیشکش کی تاکہ مالیاتی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے اور خطرات کو کم کیا جا سکے۔
زراعتی آمدنی کے ٹیکس نظام اور جی ایس ٹی کی صوبوں کے ساتھ ہم آہنگی اور قومی ٹیکس کونسل کے فعال کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے حکومت کی معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کے نفاذ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا اور مذکورہ شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔


