جھنگ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی: اسٹاک کیٹیگری کے مقابلے مکمل، کل جیپ کی بڑی کیٹیگریز اور بائیکرز کے مقابلے ہوں گے
جھنگ: تھل کے صحرا میں جاری ڈیزرٹ جیپ ریلی کے دوسرے روز بھی سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں ریت کے بلند ٹیلوں پر ڈرائیورز نے اپنی مہارت اور ڈرائیونگ صلاحیتوں کا…

جھنگ: تھل کے صحرا میں جاری ڈیزرٹ جیپ ریلی کے دوسرے روز بھی سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں ریت کے بلند ٹیلوں پر ڈرائیورز نے اپنی مہارت اور ڈرائیونگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ریلی میں نواب نادر مگسی اور سلطان محمد علی سمیت 70 سے زائد ڈرائیورز شریک ہیں، جبکہ آج ہونے والے مقابلوں میں اسٹاک کیٹیگری میں رب نواز نے کامیابی حاصل کی۔
تھل کے وسیع ریگزاروں میں منعقدہ ریلی کے دوران گاڑیوں کی رفتار، ڈرائیورز کی مہارت اور ریتلے ٹریک پر توازن برقرار رکھنے کی صلاحیت نے شائقین کی توجہ حاصل کیے رکھی۔ ریلی کے مختلف مراحل میں ڈرائیورز کو ریت کے ٹیلوں اور دشوار گزار راستوں پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا پڑا۔
جیپ ریلی کے ساتھ ثقافتی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ گزشتہ روز کبڈی اور والی بال کے مقابلے منعقد ہوئے، جبکہ آج نیزہ بازی کے مقابلوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں شائقین نے دلچسپی کا اظہار کیا۔
ریلی کے تیسرے روز صحرا میں بائیکرز کے مقابلے منعقد ہوں گے، جہاں موٹر سائیکل سوار اپنی مہارت اور رفتار کا مظاہرہ کریں گے۔ جیپ ریلی اور دیگر سرگرمیوں کے اختتام پر تقسیمِ انعامات کی تقریب ہیڈ تریموں پر منعقد ہوگی۔
تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے ذریعے کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ مقامی ثقافت کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے، جبکہ صحرا میں جاری سرگرمیوں نے ایونٹ کو شائقین کے لیے دلچسپی کا مرکز بنا رکھا ہے۔


