وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان محمد عمر بٹ نے حج 2026 کے لیے منتخب عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل تک پاک حج ایپ پر اپنا میڈیکل سوالنامہ مکمل کریں۔ ترجمان کے مطابق حج 2026 کے لیے منتخب 119,000 پاکستانی عازمین کے لیے ڈیجیٹل میڈیکل ریکارڈ کو لازمی
وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان محمد عمر بٹ نے حج 2026 کے لیے منتخب عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل تک پاک حج ایپ پر اپنا میڈیکل سوالنامہ مکمل کریں۔
ترجمان کے مطابق حج 2026 کے لیے منتخب 119,000 پاکستانی عازمین کے لیے ڈیجیٹل میڈیکل ریکارڈ کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ڈیٹا بیس سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے تاکہ دورانِ حج ممکنہ ہنگامی صورتحال اور جسمانی مشقت کے پیش نظر فوری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام عازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آئندہ 36 گھنٹوں کے اندر ایپ پر اپنی صحت سے متعلق مکمل معلومات اپ لوڈ کریں۔ یہ سوالنامہ عازمین کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی مؤثر اور منظم فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سوالنامے میں ذیابیطس، بلند فشارِ خون، گٹھیا، تھائیرائیڈ، دمہ اور دل کے امراض سمیت مختلف دائمی بیماریوں سے متعلق معلومات شامل ہیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طبی عملہ عازمین کی مکمل میڈیکل ہسٹری تک فوری رسائی حاصل کر سکے۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر سوال کے جواب میں “ہاں” یا “نہیں” کا انتخاب کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک حج ایپ کو ایک جامع “ون ونڈو آپریشن” پورٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں سے عازمین اپنے حج ویزا کی پرنٹنگ، فلائٹ شیڈول اور اوقات کار بھی باآسانی دیکھ سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزارت کی جانب سے ایپ میں مرحلہ وار نئی معلومات اور ہدایات شامل کی جا رہی ہیں۔ عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ “پاک حج 2026” موبائل ایپ سے منسلک رہیں اور کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے جمعہ تک اپنے میڈیکل پروفائل مکمل کر لیں۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *