وزیر خزانہ کا پائیدار اور برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے عزم کا اعادہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پائیدار اور برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار آج اسلام آباد میں جدید اور ترقی…

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پائیدار اور برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار آج اسلام آباد میں جدید اور ترقی دوست ٹیکس نظام کیلئے اصلاحات کے عنوان سے ورکشاپ سے خطاب میں کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو دوبارہ تیزی اور مندی کے دور میں نہیں جانے دے گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کا مالیاتی خسارہ بائیس سال کی کم ترین سطح پر ہے اور ملک نے مسلسل تین سال بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیکس اور مجموعی قومی پیداوار کی شرح آٹھ اعشاریہ آٹھ فیصد سے بڑھ کر دس اعشاریہ تین فیصد ہوگئی ہے، جبکہ گزشتہ دو مالی سال کے دوران ٹیکس محصولات میں چالیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مشرق وسطی اور وسط ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد اوزور نے اپنے خطاب میں اعتراف کیا کہ پاکستان نے معاشی استحکام کے حصول، اعتماد کی بحالی، بیرونی مالیاتی تحفظ مضبوط بنانے اور بتدریج معاشی بحالی میں مدد دینے کیلئے نمایاں پیش رفت کی ہے۔


