پیکا ایکٹ کے خلاف ملک بھر کی طرح جھنگ میں بھی یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ
پیکا ایکٹ کے خلاف ملک بھر کی طرح جھنگ میں بھی یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے کی قیادت یونین آف جرنلسٹس کے صدر…

پیکا ایکٹ کے خلاف ملک بھر کی طرح جھنگ میں بھی یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے کی قیادت یونین آف جرنلسٹس کے صدر شریف طاہر نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری مصعب فاروق، پریس کلب کے صدر لیاقت علی انجم اورسیکرٹری پریس کلب خرم سعید سمیت بڑی تعداد میں صحافیوں نے مظاہرے میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ پیکا ایکٹ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر یونین آف جرنلسٹس شریف طاہر نے کہا کہ صحافی پیکا ایکٹ کے خلاف نہیں بلکہ اس کے انتہائی عجلت میں صحافتی تنظیموں کی مشاورت کے بغیر پاس کروانے کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس کالے قانون کے تحت اپنے مخالف کسی بھی صحافی یا شخص کے خلاف اس قانون کو استعمال کرتے ہوئے اسے تین سال قید، 20لاکھ روپے جرمانہ یا پھر دونوں سزائیں دے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی تنظیمیں آزادی رائے کی علمبردار ہیں اور وہ اس آزادی پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس متنازعہ اور کالے قانون کو غیر موثر کیا جائے اور صحافتی تنظیموں کے ساتھ مشاورت اور ان کے تحفظات کو ختم کرنے کے بعد قانون کو دوبارہ قومی اسمبلی اور سینٹ سے منظور کروا کر صدر پاکستان کے پاس بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ کے صحافی پیکا ایکٹ کے خلاف فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ہدایات کے مطابق اپنا احتجاج جاری رکھیں گے


