چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ضلع جھنگ میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جھنگ پولیس نے فول پروف سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ساجد حسین نے بتایا کہ ضلع بھر میں چہلم کے سلسلے میں 29 جلوس اور 48 مجالس منعقد ہوں
چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ضلع جھنگ میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جھنگ پولیس نے فول پروف سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ساجد حسین نے بتایا کہ ضلع بھر میں چہلم کے سلسلے میں 29 جلوس اور 48 مجالس منعقد ہوں گی، جن کی حفاظت کے لیے 1500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار جبکہ 700 سے زائد رضاکار (والنٹیئرز) بھی سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
ڈی پی او ساجد حسین کے مطابق تمام جلوسوں کو تین سطحی (تھری لئیر) سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات، اہم عمارتوں اور بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز (اسنائپرز) تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کی جائے گی، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور سرچ و کومبنگ آپریشنز بھی جاری رہیں گے۔ جلوسوں کے اطراف واقع اہم مساجد میں سادہ لباس میں پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
ڈی پی او ساجد حسین نے کہا کہ تمام سپروائزری افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے، جبکہ پولیس افسران کو امن کمیٹیوں، جلوس منتظمین، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ باہمی تعاون سے پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اشتعال انگیزی، فرقہ وارانہ منافرت، قانون شکنی اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قومی سلامتی کا تحفظ جھنگ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور چہلم امام حسینؓ کے تمام مذہبی اجتماعات کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *