کراچی تا روہڑی ایم ایل ون سیکشن کی تکمیل پر ڈھائی ارب ڈالر لاگت آئے گی، وزیر ریلوے
قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ مین لائن ون ریلوے لائن کا کراچی، روہڑی سیکشن دو ارب پچاس کروڑ ڈالر کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ یہ بات ریلوے کے وزیر محمد…

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ مین لائن ون ریلوے لائن کا کراچی، روہڑی سیکشن دو ارب پچاس کروڑ ڈالر کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
یہ بات ریلوے کے وزیر محمد حنیف عباسی نے آج ایوان میں وقفۂ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا، جس کا سنگ بنیاد اگلے سال جنوری یا فروری میں رکھا جائے گا۔
حنیف عباسی نے ایوان کو بتایا کہ اب تک ریلوے کی تقریباً دو لاکھ کنال اراضی غیر قانونی قابضین سے واگزار کرائی جا چکی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں حنیف عباسی نے کہا کہ حفاظتی امور کی مؤثر نگرانی اور حفاظتی ہدایات جاری کرنے کے لیے ایک مکمل سیفٹی ڈائریکٹوریٹ قائم کیا گیا ہے۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے قانون و انصاف کے وزیر مملکت عقیل ملک نے کہا کہ ملتان کے آم کی پیداوار اور کاشت والے دیگر علاقوں کے مشاہدات سے ظاہر ہوتا ہے کہ موسمیاتی تغیرات سے رواں سیزن کے دوران آم کی پیداوار بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد زراعت کا شعبہ، بشمول زرعی توسیعی خدمات اور باغات کے انتظام و دیکھ بھال، بنیادی طور پر صوبائی حکومتوں کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
عقیل ملک نے چینی کی قیمتوں کے حوالے سے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں چینی کے ذخائر اور مارکیٹ میں اس کی فراہمی کی نگرانی کرتی ہے۔
عقیل ملک نے کہا کہ موجودہ آئینی نظام کے تحت مقامی مارکیٹ میں چینی کی فراہمی کو منظم کرنے اور قیمتوں کی نگرانی کی ذمہ داری صوبائی کین کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ سمیت صوبائی حکام پر عائد ہوتی ہے۔


