گرین پنجاب ویژن: جھنگ میں ایک ہی روز ایک لاکھ پودے لگا دیے گئے، ضلعی انتظامیہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت
جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گرین پنجاب ویژن کے تحت ضلع جھنگ میں شجرکاری مہم کو بھرپور انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے ایک ہی روز میں ایک لاکھ پودے لگائے گئے۔…

جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گرین پنجاب ویژن کے تحت ضلع جھنگ میں شجرکاری مہم کو بھرپور انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے ایک ہی روز میں ایک لاکھ پودے لگائے گئے۔ شجرکاری مہم میں ضلعی انتظامیہ کے افسران و ملازمین، مختلف سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
شجرکاری مہم کی مختلف سرگرمیوں میں ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی محکموں کے افسران نے حصہ لیا، جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی پودے لگائے گئے اور طلبہ و طالبات کو شجرکاری کی اہمیت اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا گرین پنجاب ویژن صوبے کو سرسبز، صاف اور ماحولیاتی طور پر محفوظ بنانے کی جانب اہم اقدام ہے۔ شجرکاری صرف پودے لگانے تک محدود نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع جھنگ میں مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت اور نگہداشت پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ یہ پودے مستقبل میں تناور درخت بن کر ماحول کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔ ضلع کو مزید سرسبز بنانے کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ شہریوں کی شمولیت بھی ناگزیر ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ ہر فرد اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے کم از کم ایک پودا لگائے اور اس کی مناسب دیکھ بھال بھی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے جھنگ کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے۔
شجرکاری مہم کے دوران طلبہ و طالبات، سول سوسائٹی اور ضلعی افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پودے لگانے کے ساتھ ان کی حفاظت اور نگہداشت بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ گرین پنجاب کا پیغام عملی شکل اختیار کرے اور ضلع جھنگ کو سرسبز و شاداب بنانے کا عمل مزید تیز ہو۔


