سال کے اختتام تک گردشی قرضے میں مزید اضافہ نہیں ہوگا،مصدق ملک
وزیرتوانائی مصدق ملک نے کہا ہے کہ اس سال کے اختتام تک گردشی قرضے میں مزید اضافہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے…

وزیرتوانائی مصدق ملک نے کہا ہے کہ اس سال کے اختتام تک گردشی قرضے میں مزید اضافہ نہیں ہوگا ۔
انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یاد دلایا کہ گزشتہ سال کے اختتام پر گردشی قرضہ تقریباً تئیس سودس ارب روپے تھا ۔
وزیرتوانائی نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ بجلی کی پیداوار لاگت اوراس کی چوری کم کی جائے اور اس پرنظر رکھی جائے۔
انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے بجلی کی قیمتوں کو بتدریج کم کرنے میں مدد ملے گی۔مصدق ملک نے کہاکہ سرکاری شعبے کی تیل کی ہرکمپنی کو قابل تجدید توانائی کے لئے ایک الگ کمپنی قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے سستی بجلی پیدا کرنے اورماحول کا تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے یقین دلایا کہ ڈسکوس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے ان میں اصلاحات کی جائینگی۔مصدق ملک نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پرجلد پیشرفت ہو گی۔وزیر توانائی نے کہاکہ کاشتکاروں کو کھاد پربراہ راست سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو زیاد ہ پیداوار دینے والے بیج اور شمسی ٹیوب ویلز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جس کا مقصد زرعی شعبے کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پھلوں اورسبزیوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کویقینی بنانے کیلئے فارم کی صنعتیں قائم کرنے کیلئے قرضے بھی دئیے جائیںگے۔


