پاکستان،ایران کا دوطرفہ تعلقات مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار
پاکستان اور ایران نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ عزم وزیراعظم محمد شہبازشریف اورنو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فون پر…

پاکستان اور ایران نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یہ عزم وزیراعظم محمد شہبازشریف اورنو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران ظاہر کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ایران کے نو منتخب صدر مسعودپزشکیان کو حالیہ صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی۔
نومنتخب ایرانی صدر کی کامیابی پرنیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ ان کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ تجارت توانائی اور علاقائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ
تعاون سمیت پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔
نومنتخب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان دیرینہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
فریقین نے علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اورقریبی روابط اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


