پاک امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026، سفیر پاکستان کی امریکی ٹیک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
ڈیلاس: امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون اور طویل مدتی کاروباری شراکت داریوں کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کی…

ڈیلاس: امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون اور طویل مدتی کاروباری شراکت داریوں کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔ وہ ڈیلاس، ٹیکساس میں منعقدہ پاک امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 سے خطاب کر رہے تھے۔
کانفرنس میں ممتاز پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں، امریکی کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ کانفرنس کا انعقاد سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن، قونصل خانہ پاکستان ہیوسٹن، وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے اشتراک سے کیا گیا۔
سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکہ عالمی ٹیکنالوجی کا مرکز اور پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی برآمدی مارکیٹ ہے۔ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا قومی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی شعبہ استعداد، مہارت اور سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع رکھتا ہے۔ کانفرنس کا مقصد پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ عالمی معیار کے مطابق بامعنی تجارتی روابط قائم کرنا ہے۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی پر بھی زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط بڑھانے اور پاکستان کو قابلِ اعتماد ٹیکنالوجی شراکت دار کے طور پر متعارف کرانے میں فعال کردار ادا کرے۔
اس موقع پر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ پاکستان سالانہ تقریباً 70 ہزار آئی ٹی اور کمپیوٹر سائنس گریجویٹس تیار کرتا ہے۔ گزشتہ چار برس کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اوسطاً 21 فیصد سالانہ اضافہ ہوا، جبکہ ستمبر 2026 میں برآمدات تقریباً 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ انہوں نے امریکہ کو پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کی اہم ترین بین الاقوامی منڈی قرار دیا۔
کانفرنس میں مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، مالیاتی ٹیکنالوجی اور انٹرپرائز سلوشنز کے شعبوں میں پاکستانی کمپنیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔ کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کے ذریعے پاکستانی کمپنیوں کو امریکی سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی خریداروں اور اسٹریٹجک شراکت داروں سے تبادلۂ خیال کے مواقع فراہم کیے گئے۔
پاک امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 کے تحت آئندہ کانفرنسیں 21 اکتوبر کو واشنگٹن ڈی سی اور 23 اکتوبر کو شکاگو میں منعقد ہوں گی۔


