چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں ہونا ہمارے لئے باعث اعزاز ہے،عطاء اللہ تارڑ
وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں ہونا ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔ کئی سالوں بعد پاکستان میں بڑے ایونٹس کا آغاز ہو رہا ہے۔ آج (منگل) اسلام…

وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں ہونا ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔ کئی سالوں بعد پاکستان میں بڑے ایونٹس کا آغاز ہو رہا ہے۔
آج (منگل) اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے بعد سپورٹس کا میگا ایونٹ پاکستان میں کھیلا جائے گا، ماضی میں پاکستان میں کھیل کے میدان ویران ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نیشنل براڈ کاسٹر ہے، پی ٹی وی سپورٹس کی ریٹنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے رائٹس کے حصول کے لئے بروقت ادائیگی کی، ان کی تمام شرائط پوری کی ہیں،پی ٹی وی آئی سی سی کے تمام میچز دکھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ نشریات کے لئے اچھا پینل ترتیب دے رہے ہیں، شعیب اختر، شعیب ملک سمیت دیگر سٹارز کو سکرین پر لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی سپورٹس کو مزید آگے بڑھائیں گے، ماضی میں پی ٹی وی سپورٹس کے اندر معاملات درست نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی وی کے اندر اس طرح ریفارمز نہیں کی گئیں جس طرح ہونی چاہئیں تھیں،ہماری کوشش ہے کہ شفاف نظام کے تحت سپورٹس چینل کو بحال کیا جائے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ریڈیوپاکستان میں آن لائن پنشن کا اچھا نظام متعارف کرایا گیا ہے، گھوسٹ ملازمین کی شناخت کرنے والے افسران کو شاباش دینی چاہئے۔گھوسٹ ملازمین کو نکال کر قوم کا پیسہ بچایا ہے، باقی اداروں میں بھی اس طرح کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔


