جھنگ:کمانڈر (ر) صہیب فاروق کا پاکستان کی پہلی آن لائن چیمبر مارکیٹ قائم کرنے کا اعلان، پہلے مرحلے میں 300 دکانیں آن لائن لائی جائیں گی
جھنگ: جھنگ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر کمانڈر (ر) صہیب فاروق نے پاکستان کی پہلی آن لائن چیمبر مارکیٹ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جھنگ چیمبر…

جھنگ: جھنگ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر کمانڈر (ر) صہیب فاروق نے پاکستان کی پہلی آن لائن چیمبر مارکیٹ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جھنگ چیمبر مارکیٹ‘‘ کے نام سے ڈیجیٹل کاروباری پلیٹ فارم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں 300 دکانوں کو آن لائن لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے لیے jhangchambermarket.pk کے نام سے ڈومین بھی محفوظ کر لیا گیا ہے۔
منصوبے پر عمل درآمد اور ویب سائٹ و آن لائن پورٹل کی تیاری کے لیے چیمبر ارکان پر مشتمل 15 رکنی ڈیجیٹل ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے، جو آئندہ 20 روز میں تیاری کے متعلقہ امور مکمل کرنے اور پیش رفت کی نگرانی کرے گی۔
کمانڈر (ر) صہیب فاروق کے مطابق منصوبے کے تحت ضلع بھر کے 2 ہزار دکانداروں کو آن لائن کاروبار کی تربیت فراہم کی جائے گی، جس کے لیے 20 تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ جھنگ شہر میں 10 مراکز قائم کرنے کا منصوبہ ہے، جن میں سیٹلائٹ ٹاؤن اور جھنگ صدر کے نجی اسکول بھی شامل ہوں گے۔ ان مراکز میں شام کے وقت ایک گھنٹے کی کلاسز منعقد کی جائیں گی، جبکہ شورکوٹ، شورکوٹ کینٹ، احمد پور سیال، اٹھارہ ہزاری اور شاہ جیونہ میں بھی تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے۔
کمانڈر (ر) صہیب فاروق نے بتایا کہ چیمبر ممبران کو تربیت مفت فراہم کی جائے گی، جبکہ نان ممبر دکانداروں کے لیے دو ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ آن لائن مارکیٹ کے ذریعے ہر دکاندار اپنی مصنوعات کی تفصیلات اور تصاویر خود اپ لوڈ کر سکے گا، جبکہ صارفین واٹس ایپ کے ذریعے براہ راست آرڈر دے سکیں گے۔ ادائیگیوں کے لیے ایزی پیسہ، جاز کیش اور بینک ٹرانسفر سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی اور رقم براہ راست متعلقہ دکاندار کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی۔
سامان کی ترسیل کے حوالے سے بتایا گیا کہ جھنگ شہر کے اندر آرڈرز کی ڈیلیوری چیمبر کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ دیگر شہروں میں سامان پہنچانے کے لیے ٹی سی ایس، لیپرڈ اور دیگر کوریئر کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت آن لائن مارکیٹ کی تشہیر، مصنوعات کے معیار کی نگرانی اور خریداروں و دکانداروں کے حقوق کا تحفظ بھی چیمبر کی ذمہ داری ہوگی۔
کمانڈر (ر) صہیب فاروق نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے مقامی کاروبار کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم میسر آئے گا، دکانداروں کی مصنوعات وسیع مارکیٹ تک پہنچ سکیں گی اور کاٹیج و ہوم انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ ان کے مطابق منصوبے کے نتیجے میں ایک سال کے اندر شہر کی معاشی سرگرمیوں میں 15 سے 25 فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔


