جھنگ چیمبر انتخابات: جی ڈی اے گروپ کا گرینڈ ڈنر، 135 سے زائد ممبران کی حمایت کا دعویٰ،چیمبر انتخابات میں کامیابی حاصل کرینگے ، مقررین کا خطاب
جھنگ: جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے سلسلہ میں جی ڈی اے گروپ کی جانب سے گرینڈ ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں 135 سے زائد چیمبر ممبران، کاروباری شخصیات…

جھنگ: جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے سلسلہ میں جی ڈی اے گروپ کی جانب سے گرینڈ ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں 135 سے زائد چیمبر ممبران، کاروباری شخصیات اور معززین نے شرکت کی۔ تقریب میں جی ڈی اے گروپ کے رہنماؤں اور امیدواروں نے تاجر برادری کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور جھنگ میں بڑے معاشی منصوبوں کے قیام کے حوالے سے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معظم وحید شیخ نے کہا کہ جھنگ کی معاشی ترقی کے لیے جھنگ ڈرائی پورٹ اور جھنگ انڈسٹریل زون کا قیام ہماری اہم ترجیح ہے۔ اگر جھنگ سے غربت اور پسماندگی کا خاتمہ کرنا ہے تو ان دونوں بڑے معاشی منصوبوں کے حصول کے لیے بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائی پورٹ اور انڈسٹریل زون جھنگ کی معاشی ترقی، روزگار کے نئے مواقع اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے انتہائی اہم منصوبے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر معظم وحید شیخ کا کہنا تھا کہ جھنگ کی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہر کو معاشی نقشے پر نمایاں مقام دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تاجر برادری کے مسائل کے حل اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب میں مقررین نے مخالف گروپ کی کارکردگی اور انتخابی دعوؤں پر بھی تنقید کی، جبکہ جی ڈی اے گروپ کی جانب سے چیمبر انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور کامیابی حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ گروپ کی جانب سے 135 سے زائد ممبران کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔


