وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مالی، انتظامی اور ادارہ جاتی شفافیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وفاقی حکومت نیب کے ذریعے کسی بھی قسم کے سیاسی انتقام اور کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتی۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار عالمی انسداد بدعنوانی دن کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مالی، انتظامی اور ادارہ جاتی شفافیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وفاقی حکومت نیب کے ذریعے کسی بھی قسم کے سیاسی انتقام اور کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتی۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار عالمی انسداد بدعنوانی دن کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے نیب کی غیر معمولی کارکردگی پر ادارے کے افسران اور قیادت کی تحسین کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن دنیا کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ بدعنوانی کے مضر معاشرتی اثرات کی حوصلہ شکنی اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔
وزیراعظم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور تمام متعلقہ ادارے بھرپور طریقے سے اور بڑی تندہی سے کارروائی کر رہے ہیں تاکہ ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے نیب کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ منظم مالی جرائم کے باعث اپنی رقوم سے محروم ہونے والے شہریوں کی بروقت داد رسی سے نیب پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔
تقریب سے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے بھی خطاب کیا اور نیب کی حالیہ چند سالوں اور خاص طور پر اس سال کی کارکردگی پر وزیراعظم اور حاضرین کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ریاستی اداروں کے ساتھ باہمی اور موثر تعاون سے نیب نے 2025 میں 5.1 ٹریلین روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کی غیر معمولی وصولیاں ممکن بنائیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ 2022 کے بعد سے نیب میں اٹھائے گئے اصلاحاتی اقدامات سے ادارے کی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری دیکھی جا سکتی ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ انسداد بدعنوانی کا عالمی دن وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہونا اس بات کا عکاس ہے کہ احتساب اور جوابدہی حکومت کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
تقریب کے اختتام پر نیب کی غیر معمولی کارکردگی میں اہم کردار ادا کرنے والے افسران کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔ وزیراعظم نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے نیب افسران کو انعام کے طور پر تین اعزازیہ یا عمرے کی ادائیگی کا موقع فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
تقریب میں UNODC کے نمائندے نے اقوام متحدہ اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل آف یوتھ افیئرز فلپ پولیر کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وفاقی وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے قانون اعظم نزیر تارڑ، نیب کے افسران، ڈی جی ایف آئی اے، ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، سرکاری افسران اور دیگر شرکاء نے بھی شرکت کی۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *