وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ آج اسلام آباد میں سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ نجکاری پروگرام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے سے کام کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے۔
انہوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی پر زرعی ترقیاتی بینک کی توجہ برقرار رہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے مالی وسائل تک رسائی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ترقی پاکستان کی معاشی ترقی اور غذائی تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے تین مختلف مراحل میں نجکاری کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے حوالے سے فنانشل کلوزنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی پہلی فنانشل کلوزنگ اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون 2026 کو مکمل ہوئی۔
وزیراعظم کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تینوں کمپنیوں کے لیے اظہارِ دلچسپی مشتہر کیا جا چکا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ فیسکو کے لیے 7 اگست، گیپگو کے لیے 21 اگست اورآئیسکو کے لیے 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ان تقسیم کار کمپنیوں کیلئے بین الاقوامی کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے سرمایہ کاروں کے ساتھ روڈ شوز کا عمل بھی جاری ہے۔
وزیراعظم کو زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی نجکاری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی ٹرانزیکشن اسٹرکچرنگ میں بینک کے زرعی قرضوں سے متعلق بنیادی مینڈیٹ کے تحفظ کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
اجلاس کو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ، جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ لاہور کی نجکاری پر پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے نجکاری کے تمام جاری معاملات کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی اور طے شدہ اہداف کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *