پاکستان کا صومالیہ میں بحری جہاز کی بازیابی کی کارروائی میں جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت
پاکستان نے صومالیہ کے ساحل کے قریب اغواء کیے گئے بحری جہاز ایم ٹی آنر ٹوئنٹی فائیو کی بازیابی کی کارروائی کے دوران عملے کے پانچ ارکان کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کا…

پاکستان نے صومالیہ کے ساحل کے قریب اغواء کیے گئے بحری جہاز ایم ٹی آنر ٹوئنٹی فائیو کی بازیابی کی کارروائی کے دوران عملے کے پانچ ارکان کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین پاکستانی شہری رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری شامل ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے بندر بیلا روانہ ہو رہی ہے۔
حکومت پاکستان اپنے مشن اور متعلقہ حکام کے ذریعے صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی، جاں بحق افراد کی میتوں کی منتقلی میں سہولت اور زندہ بچ جانے والے پاکستانی عملے کے ارکان کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔


