جھنگ میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی آگاہی مہم، ڈی پی او ساجد حسین کا شہریوں سے براہِ راست رابطہ، موٹرسائیکل سواروں میں ہیلمٹ، بیک ویو مررز اور آگاہی پمفلٹس تقسیم
جھنگ: ٹریفک حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے جھنگ پولیس نے عملی اقدامات تیز کر دیے۔ ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی زیرِ نگرانی ٹریفک قوانین پر…

جھنگ: ٹریفک حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے جھنگ پولیس نے عملی اقدامات تیز کر دیے۔ ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کی زیرِ نگرانی ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور شہریوں میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم جاری ہے، جس کے تحت ٹریفک پولیس کی جانب سے فیلڈ میں بھرپور سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔
اس سلسلے میں ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے شہریوں سے براہِ راست رابطہ کرتے ہوئے موٹرسائیکل سواروں میں ہیلمٹ، بیک ویو مررز اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے لازمی استعمال اور دورانِ سفر دیگر حفاظتی اقدامات کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
ڈی پی او ساجد حسین نے شہریوں پر زور دیا کہ موٹرسائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں، کیونکہ معمولی سی غفلت کسی بڑے حادثے اور زندگی بھر کے پچھتاوے کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری مہذب اور ذمہ دار شہری ہونے کی بنیادی علامت ہے اور ان قوانین پر عمل کرکے نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
جھنگ پولیس کے مطابق اس آگاہی مہم کا بنیادی مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کے احترام، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے شعور پیدا کرنا ہے تاکہ حادثات میں کمی لانے کے ساتھ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔


