وفاقی کابینہ کی پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو تحلیل کرنے کے عمل کی منظوری
وفاقی کابینہ نے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری وزیراعظم شہبازشریف کے زیر صدارت آج(بدھ) کو اسلام آباد میں ایک اجلاس میں دی گئی منظور شدہ منصوبے…

وفاقی کابینہ نے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ منظوری وزیراعظم شہبازشریف کے زیر صدارت آج(بدھ) کو اسلام آباد میں ایک اجلاس میں دی گئی
منظور شدہ منصوبے کے تحت ایسٹ اینڈ فیسلیٹی مینجمنٹ کمپنی قائم کی جائے گی تاکہ پی ڈبلیو ڈی کو دیاگیا مرمت اور دیکھ بھال کاکام جاری رہے۔
پی ڈبلیو ڈی کا عملہ درجہ بندی اور گولڈن ہینڈ شیک سکیم پر عملدرآمد کے بعد متعلقہ وزارتوں کومنتقل کردیاجائے گا۔
وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی قائم کی جائے گی جبکہ وفاقی حکومت کے زیرنگرانی تمام صوبائی ترقیاتی منصوبے متعلقہ صوبائی اداروں کے سپرد کردئیے جائیںگے ۔
کابینہ کو وزیرخزانہ کے زیرصدارت کمیٹی کی جانب سے حکومت کا حجم کم کرنے میں پیش رفت کے بارے میں بتایاگیا ۔
کابینہ کو بتایاگیا کہ لازمی اداروں کے حجم کی اصلاح اور مختلف وزارتوں کے غیر ضروری ذیلی ادارے بند کرنے کے بارے میں بنیادی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
اجلاس کو بتایاگیا کہ یہ عمل جمعے تک مکمل کرلیاجائے گا ۔
کابینہ نے ملک میں قانونی طورپر مقیم چودہ لاکھ پچاس ہزار افغان پناہ گزینوں کیلئے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی مدت میں آئندہ سال تیس جون تک ایک سال کی توسیع کی منظوری بھی دی ۔کابینہ نے الیکشن کمیشن کو فیڈرل لاج ٹو پشاور میں اپنا صوبائی ہیڈ کوارٹرز قائم کرنے کی اجازت بھی دی ۔
کابینہ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے تقاضوں سے عدم مطابقت کے باعث انیس اپریل دوہزار چوبیس سے بہاولپور میڈیکل کالج کے درجے کے خاتمے کی منظوری دی ۔
اس ادارے میں زیر تعلیم طلباء کو ملک کے دیگر میڈیکل کالجوں میں منتقل کیاجائے گا۔
دوسری وفاقی وزارتوں سے معلومات حاصل کرنے کے بعد دیگر ادارے ختم یا ضم کرنے کے بارے میں بھی جمعے سے سفارشات پیش کی جائیںگی۔


