بند دروازوں کے پیچھے تشدد: گھریلو تشدد کے بارے میں وہ حقائق جنہیں معاشرہ دیکھنے سے قاصر ہے
اگرچہ گھر کو کسی بھی فرد کے لیے سب سے زیادہ محفوظ جگہ تصور کیا جاتا ہے، لیکن بہت سی خواتین اور لڑکیوں کے لیے یہ جگہ درحقیقت خوف، کنٹرول اور تشدد کی علامت…

بند دروازوں کے پیچھے تشدد، جب گھر تحفظ کی جگہ نہیں رہتا
اگرچہ گھر کو کسی بھی فرد کے لیے سب سے زیادہ محفوظ جگہ تصور کیا جاتا ہے، لیکن بہت سی خواتین اور لڑکیوں کے لیے یہ جگہ درحقیقت خوف، کنٹرول اور تشدد کی علامت بن جاتی ہے۔ معاشرتی روایات اب بھی اس تصور کو فروغ دیتی ہیں کہ خاندانی ماحول ایک نجی معاملہ ہے۔ مالی انحصار کی وجہ سے افراد کے لیے تشدد پر مبنی صورتحال سے نکلنا مشکل ہو جاتا ہے، جبکہ شرمندگی اور بدنامی کا کلچر اکثر متاثرہ افراد کو اپنے ساتھ ہونے والے تشدد کے خلاف آواز اٹھانے سے روکتا ہے۔ اس کے علاوہ، گھریلو تشدد کا سامنا کرنے والے افراد کو اکثر اداروں کی جانب سے مناسب مدد بھی فراہم نہیں کی جاتی۔
جب کسی فرد کے لیے سب سے محفوظ سمجھی جانے والی جگہ ہی خوف، کنٹرول اور تشدد کا مقام بن جائے تو پھر کیا ہوتا ہے؟ اگرچہ معاشرہ گھریلو تشدد کو بنیادی طور پر جسمانی تشدد سے جوڑتا ہے، لیکن عملی طور پر اس میں کئی اقسام شامل ہو سکتی ہیں، جن میں جسمانی، جنسی، نفسیاتی، مالی اور حتیٰ کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کیا جانے والا تشدد بھی شامل ہے۔ تشدد کا تعلق اکثر کنٹرول کرنے والے رویے سے ہوتا ہے۔
سب سے بڑھ کر یہ کہ رازداری کو کبھی بھی بدسلوکی یا تشدد کو جائز قرار دینے اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بننے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ گھریلو تشدد انسانی حقوق کا مسئلہ، صحتِ عامہ کے لیے ایک بڑا خطرہ اور ایک وسیع سماجی مسئلہ ہے۔ اس لیے معاشرے کو نہ صرف گھر کے اندر بلکہ مجموعی طور پر گھریلو تشدد کو تسلیم کرنا، اس کی روک تھام کرنا اور اس کے ذمہ دار افراد کو جواب دہ بنانا چاہیے۔
گھریلو تشدد کی مختلف شکلوں کو سمجھنا
گھریلو تشدد، جسے متبادل طور پر گھریلو بدسلوکی بھی کہا جاتا ہے، ایسے رویے کی ایک شکل ہے جسے کسی گھریلو یا قریبی تعلق میں دوسرے فرد پر اختیار اور طاقت قائم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ عام اختلافات اور بحث و تکرار سے مختلف ہوتا ہے۔ اس قسم کے تشدد میں اکثر کسی فرد کو خوف زدہ کرنا، اس کے ساتھ ذہنی چالیں چلنا اور اس کی خودمختاری کو کمزور کرنا شامل ہوتا ہے۔
- جسمانی تشدد: اس میں مارنا، تھپڑ رسید کرنا، لاتیں مارنا اور جلانا شامل ہو سکتا ہے، اس کے علاوہ کوئی بھی ایسا جسمانی عمل جو چوٹ کا سبب بنے، جسمانی تشدد کے زمرے میں آتا ہے۔
- جنسی تشدد: اس میں جنسی زیادتی بھی ہو سکتی ہے، اسی طرح جنسی تعلق کو کنٹرول کے ایک طریقے کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
- نفسیاتی یا جذباتی تشدد: اس میں مسلسل منفی تبصرے اور رویے، شرمندہ کرنا، کسی فرد کو اپنی ہی سوچ اور حقیقت پر شک میں مبتلا کرنا (گیس لائٹنگ) اور دھمکیاں دینا شامل ہیں۔ اس میں دھونس جمانا اور بدتمیزی پر مبنی رویے بھی شامل ہوتے ہیں۔
- معاشی تشدد: یہ اس وقت ہوتا ہے جب کوئی شخص دوسرے فرد کے مالی معاملات کو کنٹرول کرے، اسے مالی وسائل سے محروم رکھے اور یا اسے ملازمت یا تعلیم حاصل کرنے سے روکے۔ مزید برآں، تشدد کرنے والا فرد دوسرے شخص کے نام پر قرض بھی چڑھا سکتا ہے۔
- زبردستی کنٹرول (Coercive Control): اس سے مراد کسی فرد کو زندگی کے اہم پہلوؤں سے الگ تھلگ کر دینا ہے۔ اس میں کسی شخص کو تنہا کرنا، اس کی نقل و حرکت اور موجودگی پر مسلسل نظر رکھنا، اس کی آمدورفت اور فیصلوں کو محدود کرنا شامل ہو سکتا ہے۔ متاثرہ افراد اکثر اپنے خاندان، دوستوں اور مدد فراہم کرنے والے لوگوں سے الگ ہو جاتے ہیں۔
- ٹیکنالوجی کے ذریعے تشدد: اس کے علاوہ، تشدد کرنے والے افراد ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے متاثرہ شخص کے موبائل فون کے استعمال کی نگرانی کر سکتے ہیں، اس کی لوکیشن معلوم کر سکتے ہیں، اس کی آن لائن رسائی کو کنٹرول کر سکتے ہیں اور حتیٰ کہ اس کی نجی تصاویر عام کرنے کی دھمکیاں بھی دے سکتے ہیں۔ اس طرح کنٹرول کو مزید بڑھا کر زندگی کے تمام شعبوں تک پھیلایا جا سکتا ہے۔
- قریبی ساتھی کی جانب سے تشدد (Intimate Partner Violence – IPV): یہ گھریلو تشدد کی ایک خاص طور پر اہم قسم ہے۔ عام طور پر اس سے مراد موجودہ یا سابق شوہر یا شریکِ حیات کی جانب سے کیا جانے والا تشدد ہے۔ تاہم، میاں بیوی اور شریکِ حیات کے علاوہ گھر میں رہنے والے دیگر افراد بھی گھریلو تشدد میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
اگرچہ ہر خراب یا ناخوشگوار تعلق کو گھریلو تشدد قرار نہیں دیا جا سکتا، لیکن اصل مسئلہ کسی دوسرے فرد پر کنٹرول قائم کرنے کا عمل ہے، جو بالآخر اسے نقصان پہنچاتا ہے یا اس کے اندر خوف پیدا کرتا ہے۔
بند دروازوں کے پیچھے ہونے والا تشدد اکثر نظروں سے اوجھل کیوں رہتا ہے؟
گھریلو تشدد اکثر چھپا کیوں رہتا ہے؟ اس خوف سے کہ تشدد میں مزید اضافہ ہو جائے گا، بچے چھن جائیں گے یا بدلے کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، متاثرہ افراد تشدد کو چھپانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ تشدد کا شکار ہونے والے افراد مالی طور پر بھی اپنے تشدد کرنے والوں پر انحصار کر سکتے ہیں، جو رہائش اور مالی ضروریات کی فراہمی پر کنٹرول رکھتے ہیں۔
معاشرہ اب بھی اکثر غیر منصفانہ طور پر مجرم کے بجائے متاثرہ فرد پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، خاندان کی نام نہاد عزت برقرار رکھنے کی خواہش بھی ایسے واقعات کو رپورٹ نہ کرنے کا سبب بنتی ہے۔ متاثرہ افراد اکثر اس خوف میں مبتلا ہوتے ہیں کہ اگر انہوں نے آواز اٹھائی تو وہ اپنا خاندان یا بچوں کی دیکھ بھال کے حقوق کھو دیں گے۔ مناسب اور محفوظ رہائش اور مدد کی کمی کے ساتھ ساتھ تشدد سے نکلنے کے راستے بھی محدود ہوتے ہیں۔
متاثرہ افراد کو اپنے قانونی حقوق اور دستیاب سہولتوں کا علم بھی نہیں ہوتا۔ مزید برآں، پولیس، عدالتی اور سماجی خدمات کے نظام پر اعتماد کی کمی بھی متاثرہ افراد کو کارروائی کرنے سے روک سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شادی اور خاندان کے بارے میں معاشرتی رویے، ناقص سفری سہولتیں اور تنہائی بھی متاثرہ افراد کو درپیش مشکلات میں اضافہ کرتی ہیں۔
عام طور پر جب کوئی فرد تشدد پر مبنی تعلق سے نکلنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ عرصہ بذاتِ خود انتہائی خطرناک ہوتا ہے۔ تشدد پر مبنی تعلق میں رہنے، خاموش رہنے یا اپنے تجربات کی رپورٹ نہ کرنے کے فیصلے پر متاثرہ افراد کو کبھی تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ ان تمام فیصلوں میں حفاظت، دستیاب وسائل اور ممکنہ نتائج سمیت کئی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پیچیدہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عالمی صورتحال: تحقیق کیا بتاتی ہے؟
عالمی ادارۂ صحت کی خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق 2023 کی شرح کے تخمینوں کے مطابق، جو 2025 میں شائع ہوئے، دنیا بھر میں تقریباً ہر تین میں سے ایک خاتون، یعنی لگ بھگ 84 کروڑ خواتین، اپنی زندگی میں کبھی نہ کبھی اپنے قریبی ساتھی یا کسی دوسرے فرد کی جانب سے جسمانی اور یا جنسی تشدد کا نشانہ بن چکی ہیں۔ ایسی خواتین جن کا کبھی کوئی شریکِ حیات یا قریبی ساتھی رہا ہو، ان میں تقریباً ہر چار میں سے ایک خاتون (24.7 سے 25.8 فیصد) پندرہ سال کی عمر کے بعد اپنے قریبی ساتھی کی جانب سے جسمانی اور یا جنسی تشدد کا سامنا کر چکی ہے۔
صرف گزشتہ 12 ماہ کے دوران اندازاً 31 کروڑ 60 لاکھ خواتین اپنے قریبی ساتھی کی جانب سے جسمانی یا جنسی تشدد کا شکار ہوئیں۔ اس حوالے سے پیش رفت انتہائی معمولی رہی ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران قریبی ساتھی کی جانب سے تشدد میں سالانہ اوسط کمی صرف تقریباً 0.2 فیصد رہی ہے۔
یہ اعداد و شمار بنیادی طور پر جسمانی اور جنسی تشدد کی ان اقسام کا احاطہ کرتے ہیں جنہیں آبادی سے متعلق سروے کے ذریعے ناپا گیا ہے۔ نفسیاتی تشدد، معاشی تشدد اور زبردستی کنٹرول بھی بڑے پیمانے پر موجود ہیں، لیکن مختلف ممالک میں ان کی پیمائش یکساں اور باقاعدہ طور پر نہیں کی جاتی۔
تشدد کا آغاز کم عمری میں بھی ہو جاتا ہے۔ 15 سے 19 سال کی عمر کی ہر پانچ میں سے ایک سے زیادہ ایسی نوعمر لڑکیاں، جن کا کبھی کوئی قریبی ساتھی رہا ہو، پہلے ہی قریبی ساتھی کی جانب سے تشدد کا تجربہ کر چکی ہیں۔ اس تشدد کے صحت پر اثرات میں جسمانی چوٹیں، دائمی درد، ڈپریشن، بے چینی، صدمے کے بعد پیدا ہونے والا ذہنی دباؤ (PTSD)، جنسی اور تولیدی صحت کے مسائل اور ایچ آئی وی سمیت دیگر انفیکشنز کا بڑھتا ہوا خطرہ شامل ہیں۔ گھریلو تشدد کا مشاہدہ کرنے والے بچے بھی جذباتی، رویوں سے متعلق اور نشوونما کے مسائل کا شکار ہوتے ہیں، خواہ وہ خود براہِ راست تشدد کا نشانہ نہ بن رہے ہوں۔
ایسے واقعات کی رپورٹ نہ کرنے کی شرح انتہائی زیادہ ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ویمن کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق، جسمانی یا جنسی تشدد کا سامنا کرنے والی صرف تقریباً 23 فیصد خواتین کسی بھی قسم کی مدد حاصل کرتی ہیں، جبکہ صرف 7 فیصد خواتین پولیس کو رپورٹ کرتی ہیں۔ بہت سی خواتین کے لیے گھر اب بھی سب سے خطرناک جگہ ہے۔ 2025 میں اندازاً 47 ہزار خواتین اور لڑکیاں اپنے قریبی ساتھی یا خاندان کے کسی فرد کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔
پاکستان: سماجی حقائق، قانونی تحفظ اور عمل درآمد میں موجود خامیاں
پاکستان میں پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے (PDHS) 2017-18 کے مطابق، 15 سے 49 سال کی عمر کی ایسی خواتین جن کی کبھی شادی ہوئی تھی، ان میں سے 34 فیصد خواتین نے شوہر کی جانب سے جسمانی، جنسی یا جذباتی تشدد کا سامنا کیا تھا۔ تقریباً 23 فیصد خواتین نے جسمانی تشدد، 26 فیصد نے جذباتی تشدد اور تقریباً 5 فیصد نے جنسی تشدد کی شکایت کی۔ جسمانی یا جنسی تشدد کا سامنا کرنے والی نصف سے زیادہ خواتین نے نہ تو مدد حاصل کی اور نہ ہی کسی کو اس بارے میں بتایا۔
بیوی کو مارنے کے عمل کو درست سمجھنے کا رجحان اب بھی کافی زیادہ ہے۔ تقریباً 42 فیصد خواتین اور 40 فیصد مردوں نے کم از کم ایک صورتحال میں بیوی پر تشدد کو جائز قرار دیا۔
قانونی تحفظات اور صوبائی قوانین
قانونی تحفظات موجود ہیں، لیکن وہ مختلف قوانین میں تقسیم ہیں۔ آئین کی اٹھارویں ترمیم کے بعد گھریلو تشدد سے متعلق قانون سازی بنیادی طور پر صوبائی دائرہ اختیار میں آتی ہے، جن میں درج ذیل قوانین شامل ہیں:
- پنجاب تحفظِ خواتین از تشدد ایکٹ 2016۔
- سندھ گھریلو تشدد (روک تھام اور تحفظ) ایکٹ 2013۔
- بلوچستان گھریلو تشدد (روک تھام اور تحفظ) ایکٹ 2014۔
- خیبر پختونخوا گھریلو تشدد برائے خواتین (روک تھام اور تحفظ) ایکٹ 2021۔
- گھریلو تشدد (روک تھام اور تحفظ) ایکٹ 2026، جو اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پر لاگو ہوتا ہے۔
یہ قوانین تحفظ کے احکامات، رہائش کے احکامات اور بعض صورتوں میں مالی امداد کی فراہمی کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ جسمانی نقصان پہنچانے کے جرائم کے حوالے سے پاکستان پینل کوڈ کے تحت بھی قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
تاہم، ان قوانین پر عمل درآمد یکساں نہیں ہے۔ پناہ گاہیں، قانونی معاونت، خصوصی پولیس یونٹس اور ایک ہی جگہ پر تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے والے بحران مراکز تعداد اور جغرافیائی رسائی کے لحاظ سے محدود ہیں۔ معاشرتی بدنامی، معاشی انحصار، خاندانی دباؤ اور اداروں کی جانب سے کمزور ردعمل اب بھی تشدد کے واقعات کی رپورٹنگ اور مؤثر تحفظ کی فراہمی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
وہ نتائج جو متاثرہ فرد سے آگے تک پھیلتے ہیں
گھریلو تشدد کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے اس کے نتائج میں جسمانی چوٹیں، صحت کے دائمی مسائل، نفسیاتی صدمے، خودمختاری کا خاتمہ، معاشی عدم تحفظ، سماجی تنہائی، تعلیم یا ملازمت میں خلل اور مسلسل حفاظتی خطرات شامل ہیں۔
بچوں کے لیے گھر میں تشدد کا سامنا کرنا جذباتی اور رویوں سے متعلق مشکلات، تعلیمی کارکردگی میں کمی اور نقصان دہ معاشرتی رویوں کے ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل ہونے سے منسلک ہے۔ خاندان اور معاشرے بھی اس کے معاشی اخراجات برداشت کرتے ہیں، تشدد معمول کا حصہ بننے لگتا ہے اور مساوات اور انسانی وقار کو نقصان پہنچتا ہے۔
اس کا مجموعی اثر صحتِ عامہ اور معاشرے پر ایک ایسا بوجھ ہے جسے کوئی بھی معاشرہ نجی خاندانی معاملہ قرار دے کر نظرانداز کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
وہ غلط تصورات جو تشدد کو تحفظ دیتے اور متاثرہ افراد کو خاموش رکھتے ہیں
کئی ایسے مستقل غلط تصورات موجود ہیں جو اس مسئلے کو برقرار رکھتے ہیں:
- غلط تصور: گھریلو تشدد صرف جسمانی تشدد ہوتا ہے۔حقیقت: نفسیاتی، جنسی، معاشی تشدد اور زبردستی کنٹرول بھی اتنے ہی نقصان دہ ہیں اور اکثر زیادہ مسلسل ہوتے ہیں۔
- غلط تصور: یہ خاندان کا نجی معاملہ ہے۔حقیقت: یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس کے اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں۔
- غلط تصور: تعلیم یافتہ یا مالی طور پر مستحکم خاندانوں میں گھریلو تشدد نہیں ہوتا۔حقیقت: گھریلو تشدد معاشرے کے تمام معاشی اور سماجی طبقات میں پایا جاتا ہیں۔
- غلط تصور: متاثرہ افراد ہمیشہ فوری طور پر اس تعلق سے نکل سکتے ہیں۔حقیقت: ایسے تعلق سے نکلنے کا وقت اکثر سب سے زیادہ خطرناک ہوتا ہے اور اس کے لیے وسائل اور حفاظت کی منصوبہ بندی ضروری ہوتی ہیں۔
- غلط تصور: تشدد عام ازدواجی اختلافات کی وجہ سے ہوتا ہے۔حقیقت: تشدد طاقت اور کنٹرول کے ایک مسلسل رویے کا نام ہے، نہ کہ باہمی اختلاف کا۔
- غلط تصور: خاموش رہنے کا مطلب تشدد کو قبول کرنا ہے۔حقیقت: خاموشی اکثر زندہ رہنے اور اپنی حفاظت کرنے کی ایک حکمتِ عملی ہوتی ہے۔
- غلط تصور: اگر بچوں کو براہِ راست نشانہ نہ بنایا جائے تو وہ متاثر نہیں ہوتے۔حقیقت: تشدد کا مشاہدہ کرنا بھی بچوں کو قابلِ پیمائش نقصان پہنچاتا ہے۔
- غلط تصور: نقصان صرف اجنبی یا واضح طور پر پرتشدد مزاج رکھنے والے افراد پہنچاتے ہیں۔حقیقت: زیادہ تر گھریلو تشدد قریبی ساتھیوں یا خاندان کے ایسے افراد کی جانب سے کیا جاتا ہے جنہیں متاثرہ شخص جانتا ہے۔
آگاہی سے عملی اقدامات تک: اداروں کو کیا کرنا چاہیے؟
آگاہی ضروری ہے، لیکن صرف آگاہی کافی نہیں ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مختلف اداروں اور طبقات کو درج ذیل عملی اقدامات کرنے چاہئیں:
- حکومتیں: حکومتوں کو موجودہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے، پناہ گاہوں اور معاونتی خدمات کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے چاہئیں، قانونی معاونت کو وسعت دینی چاہیے، قابلِ اعتماد اعداد و شمار جمع کرنے چاہئیں اور متاثرہ افراد کی ضروریات کو مرکزیت دینے والی پالیسیاں اختیار کرنی چاہئیں۔
- پولیس اور عدالتی ادارے: پولیس اور انصاف فراہم کرنے والے اداروں کو خصوصی تربیت، شکایات سے حساس انداز میں نمٹنے، انتقامی کارروائیوں سے تحفظ اور غفلت برتنے والوں کے احتساب کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
- صحت کے ادارے: صحت کی سہولتیں فراہم کرنے والے اداروں کو ایسے طریقہ کار اختیار کرنے چاہئیں جن کے ذریعے متاثرہ افراد کی محفوظ انداز میں شناخت، رازداری کے ساتھ متعلقہ اداروں کو بھیجنے اور صدمے کے اثرات کو سمجھتے ہوئے علاج فراہم کرنے کو یقینی بنایا جا سکے۔
- تعلیمی ادارے: تعلیمی اداروں کو عمر کے مطابق احترام، رضامندی اور صحت مند تعلقات کے تصورات کی تعلیم دینی چاہیے اور شکایات درج کرانے کے لیے محفوظ ذرائع فراہم کرنے چاہئیں۔
- سول سوسائٹی: سول سوسائٹی کی تنظیمیں معاشرتی تعلیم، قانونی آگاہی، متاثرہ افراد کی مدد اور آزادانہ وکالت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
- خاندان اور معاشرہ: خاندانوں اور معاشروں کو متاثرہ فرد کو موردِ الزام ٹھہرانے کے رویے کو مسترد کرنا چاہیے، تشدد کو قابلِ قبول نظم و ضبط یا اختیار سمجھنے سے انکار کرنا چاہیے اور متاثرہ افراد کو کسی قسم کے دباؤ کے بغیر مدد فراہم کرنی چاہیے۔
- نوجوان: نوجوان نقصان دہ صنفی تصورات کو چیلنج کر سکتے ہیں، باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں اور درست معلومات عام کر سکتے ہیں۔
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے روک تھام، تحفظ کی خدمات، تشدد کرنے والوں کا احتساب اور ایسی طویل مدتی بنیادی تبدیلیاں ضروری ہیں جو معاشی انحصار اور امتیازی معاشرتی روایات کا خاتمہ کر سکیں۔
اہم نکتہ
کوئی گھر خوف کی جگہ نہیں ہونا چاہیے
عام تاثر کے برعکس، گھریلو تشدد کی سنگینی کو کم نہیں سمجھا جا سکتا، کیونکہ یہ اکثر چھپا رہتا ہے۔ کسی بھی فرد کو اپنے گھر کو ڈھال بنا کر قانون اور انصاف سے بچنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے اور نظامِ انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔ ہر فرد کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے گھر میں خود کو محفوظ، قابلِ احترام اور تحفظ یافتہ محسوس کرے۔
تشدد کی تمام اقسام، جن میں جسمانی، جنسی، جذباتی، مالی اور ٹیکنالوجی سے متعلق تشدد شامل ہیں، کی شناخت کرنا اور ان غلط تصورات کو ختم کرنا انتہائی اہم ہے جو متاثرہ افراد کو آواز اٹھانے سے روکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے مؤثر اور باعزت نظام تشکیل دینا بھی ضروری ہے جو تشدد کے واقعات سے نمٹ سکیں۔ گھر کے بند دروازوں کو اب انسانی حقوق اور صحتِ عامہ سے متعلق ایک وسیع سماجی مسئلے کو چھپانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔


